الیکشن کمیشن میں آن لائن سہولت مرکز، کن رہنماؤں نے کاغذات جمع نہیں کرائے؟
الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑ تال کے عمل کو آسان بنانے کی غرض سے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں آن لائن سہولت مرکز قائم کر دیا ہے۔
پیر کو ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آن لائن سہولت مرکز کی معاونت نادرا، قومی احتساب بیورو، ایف آئی اے، ایف بی آر اور سٹیٹ بینک کر رہے ہیں اور یہ 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔
ریٹرننگ افسران کی جانب سے موصول شدہ امیدواران کے کوائف ضروری کارروائی کے لیے ان اداروں کو بھجوائے جا رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے سیکریٹری پاور ڈویژن، سیکریٹری پٹرولیم ڈویژن، سیکریٹری نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن ڈویژن، سیکریٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈویژن، چاروں چیف سیکریٹریز اور چیئرمین سی ڈی اے کو بھی تحریری طور پر مطلع کیا ہے کہ وہ ریٹرننگ افسران سے امیدواران کی فہرستیں حاصل کریں۔
ترجمان کے مطابق امیدواروں کی فہرست کا اجراء 24 دسمبر 2023 کو کیا جا چکا ہے۔ نادہندہ امیدواران کاغذاتِ نامزدگی کی چانچ پڑتال کے دوران 25 تا 30 دسمبر 2023 تک متعلقہ ریٹرننگ آفیسر سے رجوع کریں۔ نادہندگان سے واجبات کی وصولی یقینی بنائی جائے۔
اگلے سال 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت اتوار کو ختم ہو چکا ہے ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لیے ہزاروں کاعذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آج (پیر) سے 30 دسمبر تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
کن سیاسی رہنماؤں نے الیکشن کے لیے کاغذات جمع نہیں کرائے؟
شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل، اسد عمر، فیصل واوڈا، علی نواز اعوان، چوہدری سرور،چوہدری شجاعت، نیئر بخاری اور آصفہ بھٹو نے الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔
اتوار کو مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ خرم دستگیر خان نے این اے 78 گوجرانوالہ کی نشست کے لیے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی این اے 130 سے اپنے کاغذات جمع کرائے جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اقبال احمد خان، جماعت اسلامی کی جانب سے صوفی خلیق اور احمد بٹ اور جے یو آئی کی طرف سے مولانا سلیم اللہ قادری نے کا غذات نامزدگی جمع کرائے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے این اے 194 لاڑکانہ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے این اے 150 ملتان سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بھی کراچی سے این اے 249 کی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، سربراہ ایم کیوایم نے این اے 248 اور این اے 250 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔