پاکستان ڈاکٹرز فورم کی طرف سے الوداعی تقریب
ڈاکٹر محمد مبارک، ڈاکٹر سید فخر اور ڈاکٹر محمد اسلم میمن کو یاد گار شیلڈ دی گئی
خمیس مشیط( جی ایس ایوب)پاکستان ڈاکٹرز فورم عسیر نے ڈاکٹر محمد مبارک، ڈاکٹر سید فخر اور ڈاکٹر محمد اسلم میمن کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا جس میں فورم کے عہدیداران کے علاوہ کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔فورم کے چیئرمین ڈاکٹر جمیل مغل نے تینوں ڈاکٹر صاحبان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورم آپ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ آپ نے کمیونٹی کی خدمت ایک خاص جذبے اور لگن سے کی ہے جس پر پاکستان ڈاکٹرز فورم کو فخر ہے۔ ہم سب پاکستانی ہیں اور ہمیں ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک رہنا چاہئے۔ ڈاکٹر شہاب صدیقی نے اپنے ساتھیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ فورم کے ساتھ بھر پور تعاون کیا ۔ ہم سب آپ کے لئے دعا گو ہیں۔ڈاکٹر الطاف بشیر ویلمی اور ڈاکٹر تسنیم نے بھی وطن واپس جانے والے ڈاکٹرز کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کی خدمت کو سراہا۔ڈاکٹر اے ڈی میمن نے کہا کہ آپ ہمارے دلوں میں ہیں اور رہیں گے۔ڈاکٹر محمد اسلم میمن ، ڈاکٹر محمد مبارک اور ڈاکٹر سید فخر نے فورم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فورم کی کارکردگی قابل قدر ہے۔ ڈاکٹر جمیل، ڈاکٹر شہا ب صدیقی، ڈاکٹر الطاف بشیر اور ڈاکٹر تسنیم نے فورم کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔تقریب کے اختتام پر وطن واپس جانے والے ڈاکٹروں کو یادگار شیلڈ دی گئی۔