Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں نئے سال کے جشن کی تیاریاں مکمل

پولیس اور شہری دفاع کے دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں (فوٹو، امارات الیوم)
دبئی میں سال نو کے حوالے سے منعقدہ تقریبات کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے سال 2024 کے لیے ہونے والی تقریبات کے لیے مشترکہ کمیٹی بھی فعال کردی گئی ہے۔
امارات الیوم اخبار کے مطابق دبئی گورنریٹ کی جانب سے نئے سال کے جشن کی نگرانی اور تیاری کے حوالے سے مخصوص کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔
کمیٹی نے نئے سال کے جشن کے لیے مختلف مقامات کو مخصوص کیا ہے جہاں آتشبازی اور دیگر تفریحی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
جشن کی نگران کمیٹی کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ دبئی میں آتشبازی کے لیے 32 مقامات مخصوص کیے گئے ہیں جن میں سب سے بڑا شو برج خلیفہ میں ہوگا جبکہ جی بی آر ، جزیرہ النخلہ ، کایت بیچ پر بھی آتشبازی کے شاندار شو کیے جائیں گے۔
جشن کے انتظامات کے حوالے سے کمیٹی کا کہنا تھا کہ 11 ہزار 972 افراد پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 5 ہزار 574 پولیس اہلکاروں کے لیے شہری دفاع اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلیے ایمبولینس اور امدادی یونٹس بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

آتشبازی کے لیے دبئی میں 32 مقامات مخصوص کیے گئے ہیں(فوٹو، امارات الیوم)

اس حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دبئی پولیس کے آپریشنل ڈائریکٹر کرنل عبداللہ علی الغیثی نے بتایا کہ امن عامہ کے حوالے سے مختلف سرکاری اداروں کے اہلکاروں پرمشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو نئے سال کے جشن کے موقع پر مختلف مقامات پرذمہ داریاں انجام دیں گے۔
کرنل الغیثی نے مزید کہا کہ کسی بھی ہنگامی امداد حاصل کرنے کےلیے ٹول فری نمبر 901 اور 999 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ انتظامی کمیٹی کی جانب سے گمشدہ بچوں اور سامان کےلیے جدا جدا سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
جشن میں آنے والوں کی رہنمائی کے لیے گائیڈز کا بھی خصوصی طورپر انتظام کیا گیا ہے جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کےلیے ٹریفک پولیس کے خصوصی دستے بھی موجود رہیں گے۔

شیئر: