Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں نئے سال کی تقریبات، میوزیکل نائٹ اور آتش بازی کے اجازت نامے منسوخ

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نگراں وزیراعظم نے نئے سال کی تقریبات پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد میں نئے سال کی تقریبات، میوزیکل نائٹ اور آتشبازی کے اجازت نامے منسوخ کر دیے گئے۔
ضلعی انتظامیہ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے پیش نظر نیو ایئر نائٹ کی تقریبات پر پابندی پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔‘
ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ حکومتی فیصلے کے پیش نظر کسی بھی قسم کی تقریبات کے انعقاد سے گریز کیا جائے۔
’اس حوالے سے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔‘
جمعرات کو پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے حکومت پاکستان کی طرف سے نئے سال کے موقع پر کسی بھی قسم کی تقریب کے انعقاد پر مکمل پابندی کا اعلان کیا تھا۔
ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں نگراں وزیراعظم نے پاکستانی عوام سے اپیل کی تھی کہ ’غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور نئے سال کے آغاز پر سادگی کو ملحوظ خاطر رکھیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ فسلطینیوں کی امداد، زخمیوں کے انخلا اور ان کے علاج کے لیے حکومتِ پاکستان مصر اور اُردن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

شیئر: