Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان: قلات میں حوالات سے چھ قیدی فرار، غفلت برتنے پر سات پولیس اہلکار گرفتار

پولیس کے مطابق لاک اپ کی حفاظت پر تعینات پولیس اہلکاروں نے غفلت کا مظاہرہ کیا (فوٹو: بلوچستان پولیس)
بلوچستان کے ضلع قلات میں پولیس نے کہا ہے کہ تھانہ سٹی کے قریب واقع جوڈیشل لاک اپ سے فرار ہونے والے قیدیوں میں دو قتل جبکہ باقی چوری ڈکیتی و دیگر مقدمات میں ملوث تھے۔
فرار قیدیوں کی شناخت محمد عارف، عبدالقیوم، نصیر احمد، نبی بخش، محمد اسماعیل اور عبدالحفیظ کے نام سے ہوئی ہے۔
ڈی ایس پی قلات فیصل رشید نے بتایا کہ قیدی کچے کمرے پر مشتمل لاک اپ کے لوہے کے دروازے کو نچلی جانب سے ٹیڑھا کر کے باہر نکلے اور پھر لاک اپ کی دیوار پھلانگ کر فرار ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ لاک اپ کی حفاظت پر تعینات پولیس اہلکاروں نے غفلت کا مظاہرہ کیا اور وہ اس وقت سوئے ہوئے تھے جب قیدی فرار ہورہے تھے۔
ڈی ایس پی کے مطابق فرار ہونے والے قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری کے لیے شہر بھر میں ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سات پولیس اہلکاروں کے خلاف فرائض میں غفلت برتنے پر مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
قلات کے مقامی صحافی عبداللہ لہڑی کے مطابق جوڈیشل لاک اپ کچی دیواروں اور عمارت پر مشتمل ہے جو قیام پاکستان سے پہلے ریاست قلات کے دور میں گھوڑوں کا اصطبل تھا۔
 

شیئر: