Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی ڈرون حملے میں حماس کے اعلی عہدے دار مارے گئے

یہ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایک دن قبل ہی حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے خطاب کیا تھا(فوٹو: سکرین گریب)
اسرائیلی فورسز کے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حماس کے دفتر پر ڈرون حملے میں چار افراد مارے گئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے ’المنار ٹیلی وژن‘ نے کہا ہے کہ اس حملے میں حماس کے سینیئر عہدے دار صالح العاروری بھی مارے گئےہیں۔
دوسری جانب لبنانی نیوز ایجنسی (این این اے) نے کہا کہ بیروت کے جنوبی نواحی علاقے میں ہونے والے ’حملے میں چار افراد شہید اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔‘ یہ وہ علاقہ ہے جہاں ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کی مضبوط گرفت ہے۔
حزب اللہ کے ٹیلی وژن سٹیشن ’المنار‘ نے کہا ہے کہ ہادی نصر اللہ ہائی وے کے قریب ایک چوک میں دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔
یہ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایک دن قبل ہی حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے خطاب کیا تھا۔

’المنار ٹیلی وژن‘ نے کہا ہے کہ اس حملے میں حماس کے سینیئر عہدے دار صالح العاروری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایک عینی شاہد نے کہا ہے کہ یہ شاید ڈرون حملہ تھا جس نے گنجان آباد علاقے میں واقع اس عمارت کی دوسری منزل کو نشانہ بنایا۔
اکتوبر کے اوائل سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے آغاز سے ہی حماس کی حامی تنظیم حزب اللہ اور اسرائیلی فورسز کے درمیان لبنان کی جنوبی سرحد پر جھڑییں ہو رہی ہیں۔
حزب اللہ اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں اور شیلنگ میں اب تک حزب اللہ کے 100 جنگجوؤں جبکہ بچوں سمیت دو درجن کے لگ بھگ شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

شیئر: