Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واٹس ایپ کے کون سے تین نئے فیچرز دیکھنے کو مل سکتے ہیں؟

آڈیو میوزک شیئرنگ کے فیچر کے آنے بعد صارفین واٹس ایپ پر فلمیں بھی دیکھ سکیں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
واٹس ایپ نے گذشتہ برس کچھ نئے فیچرز متعارف کروائے تھے جس کے بعد اس معروف میسجنگ ایپلی کیشن پر کئی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں۔
واٹس ایپ نے 2023 میں میسج ایڈٹ کرنے، تصاویر اور ویڈیوز ایچ ڈی میں بھیجنے اور واٹس ایپ چینلز کی سہولیات متعارف کروائیں۔
گذشتہ سال کی طرح رواں برس بھی واٹس ایپ پر صارفین کو کچھ نئے فیچرز دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
اس سلسلے میں فوربز نے ایسے تین فیچرز بتائے ہیں جنہیں صارفین 2024 میں واٹس ایپ پر استعمال کر پائیں گے۔
میٹا اپنی ایک ایپ کے ذریعے دوسری ایپ پر مواد شیئر کرنے کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔
اسی سلسلے میں واٹس ایپ کے ذریعے 2024 میں صارفین اپنے واٹس ایپ سٹیٹس کو انسٹاگرام پر بھی شیئر کر پائیں گے۔
صارفین جیسے ہی واٹس ایپ پر اپنا سٹیٹس لگائیں گے اس کے بعد وہ شارٹ کٹ کے ذریعے انسٹاگرام سٹوری پر بھی اس سٹیٹس کو لگا سکیں گے۔
یہ فیچر ابھی بِیٹا ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہے جسے جلد لانچ کر دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ صارفین سکرین شیئرنگ کے آپشن کے ذریعے ویڈیو کال کے دوران میوزک آڈیو بھی شیئر کر سکیں گے۔
 

واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق صارفین جلد ہی واٹس ایپ پر اپنی پروفائلز بنا پائیں گے (فائل فوٹو: روئٹرز)

اس فیچر کے ساتھ نہ صرف صارفین سکرین شیئر کر سکیں گے بلکہ آڈیو بھی شیئر کر سکیں گے۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فیچر کے آنے کے بعد صارفین ایک ساتھ مل کر واٹس ایپ پر فلمیں وغیرہ بھی دیکھ سکیں گے۔
یہ فیچر بھی ابھی تکنیکی ٹیسٹنگ مراحل میں ہے جسے مستقبل میں لانچ کر دیا جائے گا۔
رواں برس وٹس ایپ پر آنے والے بڑے فیچرز میں ایک فیچر یوزر نیمز کا بھی ہوگا۔
تقریبا ہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر صارفین اپنا منفرد یوزر نیم رکھتے ہیں تاہم یہ سہولت فی الحال واٹس ایپ پر موجود نہیں ہے۔
 

رواں برس واٹس ایپ پر آںے والے بڑے فیچرز میں ایک فیچر یوزر نیمز کا بھی ہوگا (فائل فوٹو: روئٹرز)

واٹس ایپ کے حریف پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر یہ فیچر کچھ عرصے سے موجود ہے جس کے بعد میٹا کی جانب سے یوزر نیم کے فیچر کو موبائل اور ویب ورژن پر ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔
واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق صارفین جلد ہی واٹس ایپ پر اپنی پروفائلز کو بنا پائیں گے اور منفرد یوزر نیمز کے ذریعے آسانی سے ایک دوسرے سے کونیکٹ کر پائیں گے۔
اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ صارفین کو اپنے دوستوں، فیملی ممبرز اور باقی کونٹیکٹس کو ڈھونڈنا آسان ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ یہ فیچرز ابھی تکنیکی مراحل میں ہیں اور واٹس ایپ انہیں تاخیر سے لانچ کرنے یا مکمل طور پر لانچ نہ کرنے کا بھی اختیار رکھتا ہے۔

شیئر: