Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واٹس ایپ گروپ ایڈمن کو ’احمق‘ کہنا ممبر کو مہنگا پڑگیا

عدالت نے گروپ ممبر پر 3 ہزار درھم جرمانہ کردیا۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں راس الخیمہ کی عدالت نے  واٹس ایپ گروپ کے ایڈمن کو ’احمق‘ کہنے پر گروپ ممبر کو تین ہزار درھم جرمانہ کردیا۔  
الامارات الیوم  کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ایک شخص نے عدالت سے رجوع کرکے واٹس ایپ گروپ کے ایک ممبر کی جانب سے بدکلامی کا ثبوت پیش کیا۔ 
مدعی نے عدالت کو گروپ میں ہونے والی چیٹ دکھائی جس میں ایک رکن نے ایڈمن کو ’تم احمق ہو‘ لکھا تھا۔ مدعی کا کہنا تھا کہ اس نے فٹ بال میچز کے حوالے سے ایک گروپ تشکیل دیا تھا جس میں میچ کے حوالے سے اپ ڈیٹ دی جاتی تھیں۔ ایڈمن کا کہنا تھا کہ گروپ میں 110 ممبران تھے جن میں میچ کے حوالے سے بات ہوتی تھی۔ 
مدعی نے عدالت میں بتایا کہ ملزم نے گروپ میں اس کی توہین کرتے ہوئے ’احمق‘ کا خطاب دیا جس پر اسے شدید ذہنی کوفت اور اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ 
مدعی نے عدالت سے درخواست کی کہ اسے ہرجانے کے طور پر ایک لاکھ درھم دلوائے جائیں علاوہ ازیں قانونی کارروائی کے جملہ اخراجات بھی ادا کرائے جائیں۔ 
عدالت میں مدعی علیہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اس کا موکل دماغی طور پر کمزور ہے اور اسے اپنے افعال پرقابو نہیں رہتا اس لیے کیس کو خارج کیا جائے۔ اس مد میں وکیل نے سرکاری ہسپتال کا سرٹیفیکٹ بھی عدالت میں جمع کرایا جس میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ شخص دماغی الجھنوں میں مبتلا ہے جس کی وجہ سے وہ خود پرقابو نہیں رکھ سکتا۔ 
عدالت نے مقدمے کی سماعت کے بعد ملزم کو 15 ہزار درھم ہرجانے کے طور پر ادا کرنے کا حکم صادر کردیا جس پر اپیل کورٹ سے رجوع  کیا گیا جہاں کیس کو جاننے کے بعد ہرجانے کی رقم کو کم کرکے 3 ہزار درھم کردیا گیا۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: