Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واٹس ایپ کا مفت بیک اپ سروس کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی 2024 کے پہلے حصے میں تمام اینڈرائڈ صارفین پر لاگو کی جائے گی (فوٹو: روئٹرز)
معروف میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کو مفت بیک اپ سروس دینے کی سہولت کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ویب سائٹ ’دی ویرج‘ کے مطابق بیک اپس کے معاملے میں واٹس ایپ پر اینڈرائڈ صارفین کو مزید مفت سروس نہیں ملے گی۔
واٹس ایپ کی جانب سے پانچ سال کے بعد یہ تبدیلی کی جا رہی ہے جس میں گوگل ڈرائیو سٹوریج میں صارفین اب مزید ڈیٹا مفت محفوظ نہیں کر سکیں گے۔
گوگل اور واٹس ایپ دونوں کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ چاہے کسی صارف کے پاس گوگل ڈرائیو کا مفت 15 جی بی پلان ہو یا سٹوریج خریدی گئی ہو، دسمبر سے واٹس ایپ کے بِیٹا صارفین کی چیٹ ہسٹری بشمول تصاویر اور ویڈیوز گوگل ڈرائیو سٹوریج پر محفوظ ہوں گی۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی 2024 کے پہلے حصے میں تمام اینڈرائڈ صارفین پر لاگو کی جائے گی اور اس تبدیلی سے 30 دن پہلے صارفین کو آگاہ کیا جائے گا۔
جن صارفین کے پاس گوگل ڈرائیو سٹوریج کا آپشن نہیں ہوگا وہ اپنا ڈیٹا واٹس ایپ چیٹ ٹرانسفر کے ذریعے بھی محفوط کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب گوگل نے عندیہ دیا ہے کہ ماسوائے گوگل سٹوریج کے واٹس ایپ ڈیٹا کے بارے میں مزید کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
اس اپڈیٹ کے بعد اگر کوئی صارف واٹس ایپ میں کچھ ڈیلیٹ کرے گا تو وہ کلاؤڈ بیک اپ میں بھی ڈیلیٹ ہو جائے گا جس سے صارف کو ڈرائیو میں خالی جگہ مل سکتی ہے۔
گوگل ڈرائیو میں ڈیٹا کے باعث جگہ مکمل ہونے کے بعد صارفین گوگل وَن کی پیڈ سبکرپشن لے کر مزید سٹوریج حاصل کر سکیں گے۔
 

شیئر: