مہم جو بدر الشیبانی نے قطب جنوبی میں سعودی پرچم لہرا دیا
زیرو پوائنٹ پر پہنچنے کے لیے 111 کلو میٹر کی مسافت سکیٹنگ کر کے طے کی (فوٹو: اخبار24)
سعودی مہم جو بدر الشیبانی نے دنیا میں سرد ترین علاقے قطب جنوبی میں سعودی پرچم لہرانے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی مہم جو نے قطب جنوبی کے زیرو پوائنٹ پر پہنچنے کے لیے 111 کلو میٹر کی مسافت برف پر سکیٹنگ کر کے طے کی۔
قطب جنوبی جو دنیا کا سرد ترین مقام ہے ان دنوں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے 50 ڈگری نیچے ہے۔
بدر الشیبانی کو قطب جنوبی کے زیرو پوائنٹ پہنچنے کے لیے مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔
سعودی مہم جو کے ساتھ 60 کلو گرام وزنی سامان بھی موجود تھا جبکہ یخ بستہ ہوا کی رفتار بھی 20 سے 60 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔
اس کے باوجود بدرالشیبانی نے اپنی مہم جاری رکھی اور بالاخر کامیابی سے زیرو پوائنٹ پر پہنچ کر سعودی عرب کا پرچم لہرا دیا۔
واضح رہے قطب جنوبی کا زیرو پوائنٹ سطح سمندر سے 2800 میٹر بلند ہے جہاں آکسیجن کی مقدار بھی بہت کم ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے وہاں سانس لینا بھی انتہائی دشوار ہوتا ہے۔