Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نگراں وزیر انیق احمد حج انتظامات کو حتمی شکل دینے سعودی عرب پہنچ گئے

جدہ میں  بین الاقوامی حج کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ (فوٹو:سکرین گریب)
پاکستان کے نگراں وزیر برائے مذہبی اُمور انیق احمد حج انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے سنیچر کی رات سعودی عرب پہنچ گئے۔
سنیچر کو وزارت مذہبی اُمور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’دورے کے دوران وفاقی وزیر سعودی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے اور حج کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔‘
اس کے علاوہ ’وفاقی وزیر سعودی وزارت حج  کے زیر اہتمام جدہ میں بین الاقوامی حج کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔‘
اس دورے میں وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے سیکریٹری ڈاکٹر عطاالرحمن اورجوائنٹ سیکرٹری حج سجاد حیدر یلدرم بھی وزیر کے ہمراہ ہیں۔
واضح رہے کہ کانفرنس 8 سے 11 جنوری کو جدہ کے سپرڈوم میں وزارت حج وعمرہ کی زیر نگرانی ہو گی۔ 
کانفرنس کا مقصد عازمین کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا اورسابقہ تجربات کی روشنی میں بہتر لائحہ عمل اورخدمات کو متعارف کرانا ہے۔ 
کانفرنس میں شرکا کی جانب سے عازمین حج کی مملکت آمد سے فریضہ حج کی ادائیگی اور واپسی تک کے تمام مراحل زیر بحث لائے جائیں گے۔
عازمین کی مملکت آمد، ٹرانسپوٹیشن، رہائش، خوراک اور دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ 
 گزشتہ برس منعقد ہونے والی دوسری کانفرنس میں ایک لاکھ سے زائد زائرین نے شرکت کی تھی جبکہ 360 سے زائد حکومتی اور نجی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے اہم نمائندے اوراعلی عہدیدار بھی شریک تھے۔
گزشتہ برس ہونے والی کانفرنس میں حج وعمرہ کے حوالے سے 200 معاہدوں پراتفاق کیا گیا تھا۔

شیئر: