Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان: حج آپریشن ڈیجیٹلائزڈ کرنے کے لیے پہلی ایپلیکشن کا اجرا

نگراں وزیرمذہبی امور کا کہنا تھا کہ ’اس ایپلیکیشن سے 2024 کا حج ڈیجیٹلائزڈ ہو گا(فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان میں حج آپریشنز کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے کے لیے اپیلیکشن تیار کر لی گئی ہے۔
وزرات انفارمیشن ٹیلنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا کہ نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف، وزیرمذہبی امور انیق احمد نے موبائل ایپلی کیشن کا اجرا کیا۔
بیان کے مطابق نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی)کی تیار کردہ اس موبائل ایپ سےعازمین حج کے لیے تمام معلومات ان موبائل فونز پر دستیاب ہوں گی۔
ایپ کی تقریب اجراءکے دروان چیف ایگزیکٹیو آفیسر این آئی ٹی بی بابر مجید بھٹی نے ایپلی کیشن کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی) کی ہدایت کے تحت ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

ایپ پر کیا کیا سہولیات ملیں گی؟

انہوں نے کہا کہ ’حج ایپلی کیشن کا اجراء اسی سلسلے کا اہم سنگ میل ہے۔ ایپلیکیشن میں تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس کے تحت عازمین حج خود کو رجسٹر کرواسکیں گے جس کے بعد وہ اپنے ذاتی کوائف کے اندراج اور اس میں مطلوبہ تبدیلی کے حوالے سے متعلقہ افسر سے فوری رابطہ کرسکیں گے۔‘
’عازمین اپنی حج درخواست کے سٹیٹس کو دیکھ سکیں گے کہ ان کی درخواست کس مرحلے میں ہے۔ اپنے حج گروپ کی معلومات، تربیتی شیڈول، فلائٹ کی معلومات، سعودی عرب میں اپنی رہائش، ادائیگی اور دوران حج مقامات کے لائیو نقشے و لوکیشنز سے خود کو آگاہ رکھ سکیں گے۔‘
ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ ایپلی کیشن کی خاص بات عازمین حج روانگی سے پہلے اور دوران حج، متعلقہ سٹاف سے متعلق کسی قسم کی شکایات کا فوری اندراج کر سکیں گے جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
’اب عازمین حج اپنی درخواست جمع کرنے سے لے کر حج کی ادائیگی اور وطن واپسی تک ہر عمل میں ڈیجیٹلی طور پر شریک ہوں گے۔‘

حج کب ڈیجیٹلائزڈ ہو گا؟

تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے وزارت آئی ٹی اور اس کے ماتحت ادارے این آئی ٹی بی کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حج آپریشنز سے متعلق موجودہ نظام کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت اور روزمرہ کے معاملات میں ٹیکنالوجی کو اپنایا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حج ایپلی کیشن اس جانب اہم قدم ہے۔
نگراں وزیرمذہبی امور کا کہنا تھا کہ ’اس ایپلیکیشن سے 2024 کا حج ڈیجیٹلائزڈ ہو گا۔ موبائل ایپلی کیشن سے وہ گم نہیں ہوں گے، ملائیشین خواتین کی طرح پاکستانی خواتین حجاج کو قومی پرچم والا عبایا بھی دیں گے۔‘

شیئر: