Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: رنجی ٹرافی میں بِہار کی دو ٹیمیں ممبئی کے خلاف میچ کھیلنے پہنچ گئیں

خیال رہے اس میچ میں ممبئی نے بِہار کو ایک اننگز اور 51 رنز سے شکست دے دی تھی (فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا)
انڈین کرکٹ کے پریمیئم ڈومیسٹک ٹورنامنٹ رنجی ٹرافی میں اس وقت مضحکہ خیز صورتحال دیکھنے میں آئی جب جمعے کو پٹنا کے معین الحق سٹیڈیم میں ممبئی کے خلاف میچ کے لیے ریاست بِہار کی دو مختلف ٹیمیں میچ کھیلنے پہنچ گئیں۔
ویب سائٹ لائیو مِنٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد بِہار کرکٹ ایسوسی ایشن (بی سی اے) کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہوگئے جنہوں نے اس میچ کے لیے دو مختلف ٹیموں کا انتخاب کیا تھا۔
میچ کے لیے جانے والی بِہار کی دونوں ٹیموں کے درمیان سٹیڈیم میں ماحول کشیدہ ہوگیا جس کے بعد پولیس کو بیچ بچاؤ کروانا پڑ گیا۔ تاہم بی سی اے کے صدر راکیش تیواری کی جانب سے گرین سگنل ملنے پر دونوں میں سے ایک ٹیم نے میچ کھیلا۔
راکیش تیواری نے بتایا کہ انہوں نے بی سی اے کے سیکریٹری امیت کمار کو میچ سے قبل ہونے والے تنازعے پر عہدے سے معطل کر دیا ہے تاہم سیکریٹری اس بات پر بضد نظر آئے کہ ایسوسی ایشن کے صدر کے پاس حتمی ٹیم کو سلیکٹ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔
راکیش تیواری کہتے ہیں کہ ’ہم نے میرٹ پر ٹیم سلیکٹ کی ہے اور یہ ہی اصلی ٹیم ہے۔ ہمارے ایک کرکٹر (ثاقب حسین) کو آئی پی ایل میں خریدا گیا ہے۔ ہمارا ایک 12 برس کا کھلاڑی اس میچ میں ڈیبیو کر رہا ہے۔ دوسری ٹیم سیکریٹری کی منتخب کی گئی ہے جو کہ اصلی ٹیم نہیں ہے۔‘
دوسری جانب بی سی اے سیکریٹری امیت کمار کہتے ہیں کہ ’پہلی بات یہ ہے کہ میں نے انتخابات جیتے اور میں بی سی اے کا آفیشل سیکریٹری ہوں۔ آپ سیکریٹری کو معطل نہیں کر سکتے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’کوئی صدر کیسے ٹیم سلیکٹ کر سکتا ہے۔ کبھی آپ نے بی سی سی  آئی (انڈین کرکٹ بورڈ) کے صدر روجر بِنی کو ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے دیکھا ہے؟ آپ ہمیشہ سیکریٹری جے شاہ کے دستخط دیکھیں گے۔‘
خیال رہے اس میچ میں ممبئی نے بِہار کو ایک اننگز اور 51 رنز سے شکست دے دی تھی۔

شیئر: