Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی و قطری ثقافتی وزراء کا العلا - دوحہ براہ راست پروازوں کا خیرمقدم

نیا راستہ ثقافتی تعلقات کو بڑھانے اور مضبوط بنانے میں اہم قدم ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان اور ان کے قطری ہم منصب عبدالرحمن بن حمد الثانی نے بدھ کو دوحہ - العلا  براہ راست روٹ کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق قطر ایئرویز نے یہ براہ راست روٹ حال ہی میں متعارف کرایا ہے جو  ثقافتی ورثہ عوامی بیداری کی تشکیل میں اہم قدم ہے۔
شہزادہ بدر نے کہا ہے کہ دوحہ سے العلا کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز دونوں ممالک میں جدید نیٹ ورکس کے ذریعے تعلقات مضبوط بنانے اور مل کر کام کرنے کے نقطہ نظر کی تصدیق کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سیاحتی مقام کے طور پر ہم العلا کے لیے پروازوں میں متوقع اضافے کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
قطر کے وزیر نے کہا ہے کہ ترقی کے اس سفر میں سعودی بھائیوں کے ساتھ مل کر العلا میں بین الاقوامی پروازوں کی تعداد مختلف مراحل میں بڑھائیں گے۔
شیخ عبدالرحمان نے کہا کہ نیا راستہ ثقافتی تعلقات کو بڑھانے اور مضبوط بنانے میں اہم قدم ہے جو قطر- سعودی رابطہ کونسل کی ثقافت، سیاحت اور تفریحی کمیٹی کے کردار کی تصدیق کرتا ہے۔

العلا میں بین الاقوامی پروازوں کی تعداد مختلف مراحل میں بڑھائیں گے۔ فوٹو واس

العلا اور دوحہ کے درمیان پروازوں کا اعلان اکتوبر کے آغاز میں ہوا تھا اور اس مہینے کے آخر میں شروع ہوا تھا۔
رائل کمیشن برائے العلا اس قدیم تاریخی علاقے کو شمال مغربی سعودی عرب میں بڑے لاجسٹک مرکز کے طور پر ابھارنے کی کوشش کر رہا ہے۔
سعودی وژن 2030 کے مطابق العلا انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی سالانہ گنجائش چار لاکھ مسافروں سے بڑھا کر 60 لاکھ تک کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

العلا ائیرپورٹ کی سالانہ گنجائش 60 لاکھ  کرنے کا منصوبہ ہے۔ فوٹو واس

مارچ 2021 میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے طور پر متعارف کرائے جانے کے بعد سے العلا ائیرپورٹ میں نمایاں ترقی ہوئی ہے اور اب یہ تقریباً 24 لاکھ مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔
العلا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بیک وقت 15 طیاروں کو مختلف خدمات پیش کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
 

شیئر: