Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان ایئر اور قطر ایئرویز کا 65 روٹس پر شراکت میں اضافہ

عمان ایئر نے 1993 سے فلائٹ سروس کا آغاز کیا تھا۔(فوٹو ٹوئٹر)
عمان ایئر اور قطر ائیر ویز دونوں انٹرنیشنل ایئرلائنز کے مابین مزید تعاون کے سٹریٹجک منصوبے کے تحت کوڈ شیئر بڑھائے جائیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق 2000 میں یہ دونوں انٹرنیشنل ایئر لائنز شراکت دار تھیں۔ حالیہ کوڈ شیئرنگ کی نئی منزلوں کی تفصیلات آئندہ سال منظرعام پر آ جائیں گی۔
اس معاہدے سے عمان ایئر کے مسافروں کو قطر ایئر ویز کے65 روٹس پر سفر کرنے کے لیے مزید سہولتیں حاصل ہو جائیں گی۔ ان روٹس میں افریقہ، امریکہ، ایشیا بحرالکاہل، یورپ، ہندوستان اور مشرق وسطی کے بعض روٹس شامل ہیں۔

دونوں انٹرنیشنل ایئرلائنز میں 2000 سے شراکت داری قائم ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

قطر ایئرویز کے مسافرعمان ایئر کے نیٹ ورک کے ذریعہ افریقہ اور ایشیا میں چھ نئی منزلوں تک رسائی حاصل کریں گے۔
دونوں ایئرلائنز کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا  گیا ہے کہ ایئرلائنز اپنی اس شراکت کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعدد مشترکہ تجارتی اور آپریشنل اقدامات بھی جاری کریں گی۔
عمان ایئر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئرعبدالعزیز الرئیسی نے کہا ہے کہ  ہمارے کوڈ شیئرمعاہدے کی توسیع محض ابتدائی اقدام ہے اور ہم قطر ایئر ویز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں تاکہ اپنی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کر سکیں۔

شراکت کے ذریعہ افریقہ اور ایشیا میں چھ نئی منزلوں تک رسائی حاصل ہو گی۔(فوٹو ٹوئٹر)

اس کے بعد عمان ائیر پوری دنیا میں اپنے مسافروں کے لیے  کاروبار اور تفریحی سفر کے پروگراموں  کو بڑھا سکے گا۔  
دوسری جانب قطر ایئرویز کے گروپ چیف ایگزیکٹو اکبر البکیر نے کہا ہے کہ 2000 سے  دونوں ایئر لائنز نے تجارتی تعاون سے ہونے والے فوائد کو دیکھا۔ اس سے ہمارے مسافروں کو بے مثال خدمات مہیا کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے معزز مسافروں کو اور بھی زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے عمان ایئر کے ساتھ اپنے تجارتی تعاون کو مزید تقویت دینے کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ عمان ایئر نے 1993 سے فلائٹ سروس شروع کی تھی اور قطر ایئرویز کی بھی اسی سال بنیاد رکھی گئی تھی۔
 

شیئر: