العلا اور عمان کے درمیان براہ راست پروازیں 10 جنوری سے
عمان اور العلا کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں العلا رائل کمیشن نے اردن کے دارالحکومت عمان اور العلا کے درمیان اردنی ایئرلائنز کے تعاون سے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دونوں ملکوں کے تاریخی مقامات پیٹرا اور العلا کو سیاحتی پروازوں سے مربوط کیا جا رہا ہے۔
اخبار24 کے مطابق اردنی ایئرلائنز عمان اور العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی۔ آئندہ سال 10 جنوری سے پروازیں شیڈول کردی گئی ہیں۔
عمان اور العلا کے درمیان براہ راست پروازیں سو مسافروں کی گنجائش والے طیارے ایمبریئر کے ذریعے ہوں گی۔
منگل اور جمعرات کو دونوں شہروں کے درمیان پروازیں چلیں گی۔ عمان سے صبح 3 بجکر 25 منٹ پر پرواز العلا کےلیے روانہ ہوگی اور صبح 6 بجکر 5 منٹ پر العلا پہنچے گی۔ العلا سے صبح 7 بجکر 5 منٹ پر عمان کے لیے روانہ ہوگی۔
اردنی ایئرلائن کی ویب سائٹ اور ٹریولنگ ایجنسیوں کے ذریعے بکنگ کرائی جاسکتی ہے۔