سعودی نائب وزیر صحت ڈاکٹر ہانی جوخدار کی پاکستان کے وزیر صحت سے ملاقات
اتوار 14 جنوری 2024 18:45
ملاقات میں کنگ سلمان ہسپتال کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا جو سعودی عرب کے تعاون سے بنایا جا رہا ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے سعودی نائب وزیر صحت ڈاکٹر ہانی جوخدار نے ملاقات کی ہے۔
اتوار کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات گلوبل ہیلتھ سیکیورٹی سمٹ کی سائیڈ لائن پر ہوئی۔
ملاقات میں شعبہ صحت اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان کے مطابق سعودی عرب نے محفوظ دنیا کے لیے گلوبل ہیلتھ سیکیورٹی سمٹ کے پاکستانی اقدام کو سراہا۔
سعودی نائب وزیر صحت نے کہا کہ ’عالمی کانفرنس میں مدعو کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی نائب وزیر صحت نے صحت سے متعلق تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان دونوں ممالک کے درمیان شعبہ صحت میں مزید تعاون بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔
ملاقات میں کنگ سلمان ہسپتال کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا جو سعودی عرب کے تعاون سے بنایا جا رہا ہے۔