غزہ کے لیے پاکستان سے 20 ٹن امدادی سامان کی چوتھی کھیپ روانہ
پاکستان کی جانب سے ابھی تک غزہ کے لیے 220 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے۔
فلسطینیوں کی مدد کے لیے پاکستان کی جانب سے امدادی سامان کی چوتھی کھیپ خصوصی پرواز کے ذریعے نور خان ائیر بیس سے روانہ کر دی گئی ہے۔
سنیچر کو بھیجی جانے والی امدادی کھیپ تقریباً 20 ٹن ضروری اشیا پر مشتمل ہے جس میں غزہ میں زمینی ضروریات کے مطابق سرجیکل اور طبی سامان، خشک کھانے کی اشیا کے علاوہ حفظان صحت کی کٹس بھی شامل ہیں۔
خصوصی پرواز امدادی سامان لے کر اُردن پہنچے گی جہاں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے۔
امدادی سامان وصولی کے بعد تقسیم کے لیے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔
نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد ربیع، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے سینیئر افسران نے نور خان ایئر بیس پر روانگی کی تقریب میں شرکت کی۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا اور ’غزہ میں شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے غیر متناسب اور اندھا دھند طاقت کے استعمال کی مذمت کی۔‘
وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے جنوبی افریقہ کی جانب سے فلسطینی عوام کی نسل کشی کے کیس کی عالمی عدالت انصاف میں مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
وزیرخارجہ نے غزہ کے مظلوم عوام کو انسانی امداد کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’غزہ کے لیے مزید انسانی امداد کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے جو بہت جلد پاکستانی عوام کی جانب سے بھیجی جائے گی۔‘
اس موقع پر پاکستان میں فلسطین کے سفیر نے امدادی سامان کی فراہمی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے ابھی تک غزہ کی مصیبت زدہ عوام کے لیے 220 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے۔