Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دکان سے چوری کا الزام، نیوزی لینڈ کی رکنِ پارلیمنٹ گلریز قہرمان مستعفی

گلریز قہرمان فلسطین کے حق میں ہونے والے مظاہروں میں حصہ لینے پر تنقید کی زد میں بھی رہیں (فائئل فوٹو: گلریز قہرمان فیس بُک)
نیوزی لینڈ کی گرین پارٹی کی رکنِ پارلیمنٹ گلریز قہرمان چوری کے مبینہ الزامات کے بعد پارلیمان سے مستعفی ہوگئی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف کے مطابق پولیس اُن کے خلاف بوتیک سے کپڑوں کی چوری کے تین الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
گلریز قہرمان نے اپنے اس عمل کو ذہنی تناؤ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’عوامی نمائندوں سے جس طرزِ عمل کی توقع کی جاتی ہے میں اُس پر پورا نہیں اُتر سکی۔‘
ایک بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کام کے دباؤ کے باعث مجھ سے جو سرزد ہوا وہ میرے کردار سے مطابقت نہیں رکھتا، مجھے اپنی ذہنی صحت پر توجہ دینے کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔‘
گلریز قہرمان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں اپنے عمل کی کوئی توجیہہ پیش نہیں کر رہی، تاہم میں اِس کی وضاحت کرنا چاہتی ہوں۔‘
’میں نے بے شمار افراد کو مایوس کیا ہے اور میں اس پر معذرت خواہ ہوں، یہ ایسا رویہ نہیں ہے جس کی میں وضاحت پیش کرسکوں اور نہ ہی یہ کوئی اچھا عمل ہے۔‘
گلریز قہرمان کے خلاف سب سے پہلے 10 جنوری کو نیوز ٹاک زیڈ بی پلس ریڈیو نے الزامات لگائے تھے۔
 ان الزامات میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے آکلینڈ کے مضافات میں پون سونبی کے علاقے میں قائم ایک مہنگے سٹور ’سکاٹیز بوتیک‘ سے تہوار کے سیزن میں چوری کی تھی۔
آکلینڈ سے دو کلومیٹر کی دوری پر واقعی یہ علاقہ خریداری، مہنگی بوتیکس اور ریسٹورنٹس کی وجہ سے مشہور ہے۔
ایران میں پیدا ہونے والی 42 سال کیگلریز قہرمان بچپن میں اپنے والدین کے ساتھ نیوزی لینڈ آئی تھیں، ان کی فیملی کو سیاسی بنیادوں پر پناہ دی گئی تھی۔

گلریز قہرمان کے خلاف چوری کے دونوں الزامات جنوری 2024 میں سامنے آئے (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)

گلریز قہرمان نے 2017 میں نیوزی لینڈ کی پہلی پناہ گزین رکن پارلیمنٹ منتخب ہو کر تاریخ رقم کی۔
قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی وکیل بن گئیں۔ 2017 میں پارلیمنٹ کا رکن بننے کے بعد وہ جرائم سے متعلق بین الاقوامی ٹریبیونلز کے حوالے سے کام کر رہی تھیں۔
ایک واقعے کا تعلق آکلینڈ میں کپڑوں کے مہنگے سٹور سے ہے جبکہ دوسرا واقعے میں ان پر ولنگٹن کے سٹور میں چوری کرنے کا الزام ہے۔
گذشتہ ہفتے گرین پارٹی نے اعلان کیا کہ پولیس تحقیقات شروع ہونے کے بعد گلریز قہرمان اپنے عہدے کی ذمہ داریوں سے الگ ہو گئی ہیں۔
ان کے خلاف چوری کے یہ الزامات سامنے آنے سے قبل وہ فلسطین کے حق میں ہونے والے مظاہروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر تنقید کی زد میں رہیں۔

شیئر: