Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سام سنگ گلیکسی ایس 24 میں کون کون سے نئے فیچرز ہوں گے؟

موبائل فون بنانے والی کمپنی سام سنگ اپنی گلیکسی سیریز کے نئے فونز میں آرٹیفیشل انٹیلجنس(اے آئی) کے ساتھ جڑے فیچرز متعارف کرانے جا رہا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ‘سی نیٹ‘ کے مطابق سام سنگ سان جوشے کیلیفورنیا میں آج (بدھ کو) گلیکسی اَن پیکڈ ایونٹ میں اپنے نئے ماڈل گلیکسی ایس 24 کی رونمائی کرے گا۔
اس موبائل فون میں سام سنگ ہی کا تیار کردہ اے آئی ماڈل استعمال ہو گا۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ آرٹیفیشل انٹیلجنس کا نظام اس ماڈل کے تمام فونز میں دستیاب ہو گا۔
سام سنگ نے نئے ماڈل کی رونمائی کی تقریب کے دعوت ناموں میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ یہ اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس اب تک کا ’ذہین ترین موبائل فون‘ ہو گا۔
سام سنگ ایس24 کی تقریب رونمائی امریکی وقت کے مطابق صبح 10 بجے سام سنگ یوٹیوب چینل پر لائیو نشر کی جائے گی۔
گزشتہ چند برس میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے حامل فیچرز نے سمارٹ فونز کے کیمروں اور تصویر کشی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے لیکن اب دنیا کی موبائل بنانے والی کمپنیاں ان فیچرز پر مزید کام کر رہی ہیں۔
گزشتہ برس گوگل نے اپنا فون پِکسل 8 متعارف کرایا تھا جس میں تصاویر کی کوالٹی اور ان کی ایڈیٹنگ کو بہتر بنانے کے لیے اے آئی ٹُولز موجود تھے۔
اب بتایا جا رہا ہے کہ سام سنگ کے گاس اے آئی ماڈل کے علاوہ گلیکسی اے آئی بھی نئے فون ایس 24 کے ہینڈسیٹس میں ضم کیا جائے گا اور 2024 میں آںے والے موبائل فونز میں بھی یہ سہولت دستیاب ہو گی۔

گوگل کے پِکسل 8 میں تصاویر کی کوالٹی اور ان کی ایڈیٹنگ کو بہتر بنانے کے لیے اے آئی ٹُولز موجود تھے (فائل فوٹو: سی نیٹ)

دوسری جانب اپیل کمپنی بھی اے آئی ریسرچ پر مبینہ طور پر بھاری سرمایہ خرچ کر رہی ہے اور توقع ہے کہ وہ مستقبل میں اپنی پروڈکٹس میں مصنوعی ذہانت کے مدد سے کچھ مزید فیچر متعارف کرائے گی۔
گلیکسی ایس 24 میں کیا کیا ہو گا؟
اب تک سام سنگ کے اس نئے ماڈل کے بارے میں جو معلومات سامنے آ سکی ہیں ان کےمطابق اس کے ڈیزائن میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں ہو گی۔ ہاں، کیمرے اور پروسیسر کے فیچرز میں معمول کی کچھ تبدیلیاں ہوں گی۔
سب سے بڑی تبدیلی جو متوقع ہے، وہ ہے اس ماڈل میں اے آئی سافٹ ویئر اور اس سے جڑی ٹرِکس۔
اس بارے میں کمپنی نے کچھ زیادہ تو نہیں بتایا لیکن کچھ عرصہ قبل یہ کہا گیا تھا کہ اس میں ’اے آئی لائیو ٹرانسلیشن‘ کا فیچر موجود ہو گا۔

سام سنگ نے گزشتہ برس اپنا فون گلیکسی ایس 23 متعارف کرایا تھا (فائل فوٹو: سی نیٹ)

سام سانگ کے ’جدید ترین اے آئی گلیکسی فون‘ کے نام سے ظاہر ہے کہ اس میں ایسا فیچر متوقع ہے جس سے بولتے ہوئے اسی وقت آڈیو اور ٹیکسٹ ٹرانسلیشن کی سہولت میسر ہو گی۔
یورپی ممالک میں اس نئے ماڈل کی قیمت میں بھی تبدیلی متوقع ہے۔ ’گلیکسی کلب‘ کی کچھ عرصہ قبل کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایس 24 اور ایس 24 پلس کی قیمت بالترتیب 899 اور 1149 یورو ہو گی جبکہ سب سے زیادہ سٹوریج کا حامل گلیکسی ایس24 الٹرا 1449 یورو میں فروخت ہو گا۔
امریکہ میں اس کی قیمت کیا ہو گی، اس بارے میں ابھی کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

شیئر: