ساھر سسٹم تباہ کرنے والا پاکستانی گرفتار
ساھرسسٹم کے ذریعے ٹریفک کی رفتار ریکارڈ کی جاتی ہے(فوٹو، ادارہ امن عامہ)
مدینہ منورہ ریجن کی کمشنری المھد میں ٹریفک خلاف ورزی مانیٹر کرنے والے سسٹم ’ساھر‘ کو تباہ کرنے والے پاکستانی شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔
عاجل نیوز نے ریجن پولیس کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ المھد کمشنری کی شاہراہ پر نصب گاڑیوں کی رفتار مانیٹرکرنے والے سسٹم کو تباہ کیے جانے کی اطلاع موصول ہونے پر تحقیقات کی گئیں۔
مقررہ تفتیشی ٹیم نے سسٹم کو تباہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا جس کا تعلق پاکستان سے ہے۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے ادارہ پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا جہاں اس پر حکومتی املاک کو تلف کرنے کا مقدمہ قائم کیا جائے گا۔
واضح رہے سعودی عرب کے تمام علاقوں خاص طورپر ہائی ویزے پرٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے گاڑیوں کی رفتار کو ریکارڈ کرنے والے سسٹم موجود ہیں۔
گاڑیوں کی رفتار ریکارڈ کرنے والے سسٹم کو ’ساھر‘ کہا جاتا ہے۔ سسٹم میں نصب انتہائی حساس کیمروں کے ذریعے تیز رفتار گاڑیوں کی تفصیلات ادارہ ٹریفک پولیس کے مرکزی کنٹرول روم کو ارسال کردی جاتی ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مرکزی کنٹرول روم سے خلاف ورزی درج ہونے پر اسکا چالان گاڑی کے مالک کو ارسال کیا جاتا ہے۔ خیال رہے ساھر سسٹم کا مقصد لوگوں کو تیز رفتاری سے روکنا ہے تاکہ حادثات پرقابو پایا جاسکے۔