سیر کے دوران سعودی فیملی کی 6 سالہ بچی لاپتہ، 3 کلو میٹر دور سوئی مل گئی
سیر کے دوران سعودی فیملی کی 6 سالہ بچی لاپتہ، 3 کلو میٹر دور سوئی مل گئی
ہفتہ 20 جنوری 2024 5:23
وادی السھل تقریبا 70 کلو میٹر کے دائرے میں پھیلی ہوئی ہے۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب کے قصیم ریجن کے صحرا میں سیر کے لیے جانے والی سعودی فیملی کی لاپتہ 6 سالہ بچی وادی السھل میں مل گئی۔
سبق ویب کے مطابق ایک سعودی فیملی سیر کے لیے صبح کے وقت القصیم ریجن کی شمال مشرقی تحصیل قبہ کے صحرا میں گئی ہوئی تھی۔
فیملی کی 6 سالہ بچی گھر والوں کو گپ شپ میں مصروف دیکھ کر پڑاؤ سے دور نکل گئی اور گھومتے پھرتے صحرا میں راستہ بھول گئی۔
گھر والوں کو بچی کے غائب ہونے کا جب علم ہوا تو انہوں نے اسے ہر جگہ تلاش کیا لیکن ناکام ہونے پر رضاکار ٹیموں سے مدد کے لیے رابطہ کیا گیا۔
رضاکار ٹیمیں فوری طور پر حرکت میں آئیں اور تلاش کرنے پر فیملی کے پڑاؤ سے 3 کلو میٹر دور ایک جگہ بچی سوئی ہوئی ملی۔
بچی سے پوچھنے پر پتہ چلا کہ وہ چلتے ہوئے تھک گئی اور اس کے بعد راستہ بھول گئی تھی اور تھکاوٹ کے باعث نیند آ گئی۔
وادی السھل قصیم ریجن کے شمال مشرق میں واقع ہے۔ یہ ریجن کی بے حد اہم اور شاندار وادیوں میں سے ایک ہے۔
یہاں موسم سرما کے دوران وادی سے متصل 14 گھاٹیاں سبزہ زاروں میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔
وادی السھل تقریباً 70 کلومیٹر کے دائرے میں پھیلی ہوئی ہے۔ اسے وادی السھل کا نام اس لیے دیا گیا ہے کیونکہ یہاں گھومنا پھرنا اور چلنا پھرنا آسان ہے جبکہ اس کے اطراف واقع بیشتر مقامات بھی ہموار ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں