پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں گھر کے اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں مبینہ طور باپ کی فائرنگ سے اس کا بیٹا ہلاک ہو گیا۔
گذشتہ روز نوررحمان نامی شخص نے اپنے بیٹے عطاء الرحمان کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔ اس واقعہ کی ایف آئی آر تھانہ بڈھ بیر میں مقتول کے بھائی کی مدعیت میں اپنے والد کے خلاف درج کی گئی ہے۔
ایف آئی ار کے مطابق والد اور بیٹے میں سیاسی بحث ہوئی اور باپ نے بیٹے کو سیاست سے دور رہنے کی تلقین کی جس پر تکرار بڑھ گئی۔
مدعی نے پولیس کو بتایا کہ ’بحث بڑھنے کے بعد میرے والد نے طیش میں آکر بھائی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گیا۔‘
پولیس کے مطابق مقتول نوجوان قطر میں مزدوری کرتا تھا جو دو ماہ پہلے وطن واپس آکر سیاسی سرگرمیوں میں مصروف رہنے لگا تھا جس پر باپ بیٹے میں اکثر تکرار ہوتی تھی۔
ملزم اس واقعہ کے بعد فرار ہوچکا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔