ریاض میں ایگزیکٹیو کورٹ کا افتتاح، سرمایہ کاروں کو عدالتی تحفظ ملے گا
محکمہ جاتی ایگزیکٹیو کورٹ پوری دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی عدالت ہے( فوٹو ایکس اکاونٹ)
سعودی ادارہ احتساب (دیوان المظالم) نے دارالحکومت ریاض میں محکمہ جاتی ایگزیکٹیو کورٹ کا افتتاح کیا ہے۔ اس سے سرمایہ کاری کے ماحول ، سماجی فلاح و بہبود اور سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔
اخبار 24 کے مطابق ادارہ احتساب کے سربراہ خالد الیوسف نے جو محکمہ جاتی عدالتی کونسل کے سربراہ بھی ہیں کہا کہ عدالتی فیصلوں اور محکمہ جاتی بانڈز کے نفاذ کے پروگرام سے عدالتی تحفظ حاصل ہوگا۔
خالد الیوسف نے کہا کہ ’محکمہ جاتی ایگزیکٹیو کورٹ کا قیام اس بات کا ثبوت ہے کہ ولی عہد عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور سعودی شہریوں اور یہاں مقیم غیرملکیوں کی خوشحال زندگی کے سلسلے میں پرعزم ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’محکمہ جاتی ایگزیکٹیو کورٹ پوری دنیا میں پہلی ہے۔ یہ سرکاری اداروں اور عام افراد کے لیے انصاف کے حصول کی ضمانت ہے۔‘
محکمہ جاتی ایگزیکٹیو کورٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر متعدد پروگرام کیے گئے۔ ڈیجیٹل ایگزیبیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں محکمہ جاتی عدالت کا منفرد انداز میں تعارف کرایا گیا۔