2030 میں ڈیڑھ کروڑ سیاحوں کی سعودی عرب آمد کا ہدف
سیاحتی شعبہ معیشت میں 750 ارب ریال تک کا ہدف مقرر کیے ہوئے ہے(فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ’ 2030 میں 150 ملین سیاحوں کی آمد کا ہدف مقرر کیا ہے۔‘
عکاظ اخبار کے مطابق وزیر سیاحت نے 2023 کے دوران 2019 کے مقابلے میں غیرملکی سیاحوں کو مملکت کی طرف راغب کرنے کے حوالے سے بڑی کامیابی پر سعودی قیادت کو مبارکباد دی۔
وزیرسیاحت کا کہنا تھا ’ 2023 کے دوران 2019 کے مقابلے میں 156 فیصد زیادہ غیر ملکی سیاح آئے۔ کورونا وبا کے منفی اثرات سے عالمی شرح سے کہیں زیادہ 88 فیصد تک نجات حاصل کرلی گئی۔‘
ریئل سٹیٹ فیوچر فورم کے مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا ’سیاحتی شعبے میں جو کامیابیاں ملی ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ سیاحت کے فروغ کے لیے جو سکیمیں اور پروگرام بنائے تھے وہ درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔‘
’2023 کے دوران مجموعی قومی پیداوار میں سیاحت کا حصہ 4.5 فیصد تک پہنچ گیا جبکہ تیل کے ماسوا قومی پیداوار میں سیاحت کا حصہ 7 فیصد ہوگیا ہے۔‘
وزیر سیاحت نے کہا کہ ’مملکت میں وسیع پیمانے پر بڑے منصوبوں کے قیام کا مقصد سیاحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور سیاحتی منصوبوں کے لیے سرمایہ لانا تھا۔‘ پوری دنیا میں 1.7 ارب سیاحوں کے لیے جاری مسابقت میں حصہ لے کر زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو مملکت کی طرف راغب کرنا ہے۔ غیرملکی سیاح جو کچھ چاہتے ہیں وہ سب کچھ سعودی عرب میں مہیا ہے۔
احمد الخطیب نے مزید کہا ’سیاحت کا شعبہ قومی معیشت میں 750 ارب ریال تک کا ہدف مقرر کیے ہوئے ہے۔ بڑے منصوبوں کے ذریعے 2030 تک 150 ملین سیاح لانا چاہتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا ’سیاحت کے شعبے میں آئندہ منصوبے معیاری ہوں گے۔ فائیو سٹار ہوٹل کے حوالے سے متعدد معاہدے کیے گئے ہیں۔ ماضی میں سیاحت کے حوالے سے مناسب قانون سازی نہیں ہوئی تھی۔‘