2023 میں 8 لاکھ سعودی شہری سیاحت کے لیے مصر گئے
خلیجی ممالک مصر میں سیاحت کے فروغ کے لیے اہم ہیں۔ (فوٹو: سبق)
مصری وزیر سیاحت احمد عیسی نے کہا ہے کہ’ 2023 کے دوران خلیج کے عرب ممالک سے 1.1 ملین سیاح مصر آئے ان میں سے 8 لاکھ سعودی تھے۔‘
سبق ویب کے مطابق مصری وزیر نے کہا ’خلیجی ممالک مصر میں سیاحت کے فروغ کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔‘
’خلیجی سیاحوں کی خوبی یہ ہے کہ وہ دل کھول کر خرچ کرتے ہیں، طویل قیام کرتے ہیں اور بار بار سیاحت کے لیے آتے جاتے رہتے ہیں۔‘
احمد عیسی نے وزیراعظم ڈاکٹر مصطفی مدبولی کو نئے سال کے دوران وزارت سیاحت کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا ’عرب سیاحوں خصوصا جی سی سی ممالک کے سیاحوں کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا۔ انہیں مصر کے شمالی ساحل پر واقع سیاحتی مقامات سے متعارف کرایا جارہا ہے۔’
مصری وزیر سیاحت کا کہنا تھا ’ وزارت مصر کے سیاحتی مقامات کی مارکیٹنگ کے لیے سعودی عرب میں سرگرم فضائی کمپنیوں، سعودی شہریوں اور مصری سرمایہ کاروں کے درمیان مکالمہ پروگرام بنا رہی ہے۔‘