پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لاہور میں اپنے آبائی حلقہ این اے 130 میں انتخابی ریلی کی قیادت کی ہے۔
نواز شریف منگل کی سہ پہر ساڑھے تین بجے جاتی امرا سے براستہ رنگ روڑ ٹیکسالی پہنچے۔ یہاں ان کا استقبال آتش بازی اور پھول کی پتیوں سے کیا گیا۔ مریم نواز بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
مزید پڑھیں
موہنی روڑ سے نواز شریف کا قافلہ کارکنوں کے جم غفیر میں سست روی سے کریم پارک کی طرف روانہ ہوا۔ یہاں سے اسی حلقے میں پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے امیدوار بلال یسین نے ڈرائیونگ سنبھال لی۔ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نواز شریف کی گاڑی کے ساتھ پیدل ہی چلتی رہی۔
نواز شریف اس سے قبل کبھی بھی اپنے حلقے میں انتخابی مہم کے لیے ریلی کی شکل میں نہیں آئے۔ اس حلقے میں ریلی کی روایت مریم نواز نے اس وقت شروع کی جب نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا تو ان کی اہلیہ کلثوم نواز اس حلقے سے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی امیدوار بنیں۔
مریم نواز نے اس حلقے میں 10 دن تک روانہ ریلیاں نکالیں اور جگہ جگہ خطاب کیے۔ تاہم منگل کو نکلنے والی ریلی میں نواز شریف اور مریم نواز صرف ایک مرتبہ گاڑی سے باہر نکلے اور کارکنوں کے نعروں کا جواب ہاتھ ہلا کر دیا۔ انہوں نے ریلی کے روٹ پر کوئی تقریر نہیں کی۔
جب موہنی روڑ پر بلال یسین نے ڈرائیونگ سنبھالی تو اس وقت باہر سے کسی نے سموسے اور نمک پارے گاڑی کے اندر پکڑائے۔
مریم نواز نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ان لمحات کا ایک ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا جب نواز شریف نے لفافے سے نمک پارے نکال کر بلال یسین کو دیے۔ مریم نواز نے ایکس پر لکھا کہ ’نمک پارے اور سموسے بہت خستہ تھے، یہ ہوتا ہے لاہور میں ریلی نکالنے کا فائدہ۔‘
MNS and I relishing the samosas & namak-paray given to us by someone during the rally in Kasurpura. Scrumptious! The benefits of rallying in Lahore pic.twitter.com/YWZYwGfuI1
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) January 23, 2024