Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرویز الٰہی کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل

پرویز الٰہی نے سپریم کورٹ میں دائر اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ’یہ اصول طے شدہ ہے کہ ہر ظاہر نہ کرنے والے اثاثے پر نااہلی نہیں ہو سکتی۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
سابق وزیراعلٰی پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے عام انتخابات کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔
بدھ کو سپریم کورٹ میں دائر کی گئی اپیل میں الیکشن کمیشن اور الیکشن ٹربیونل کو فریق بنایا گیا ہے۔
اپیل میں لاہور ہائی کورٹ کا 13 جنوری کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
پرویز الٰہی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ان کے مخالف امیدوار محمد سلیم کے اعتراضات کی بنیاد پر میرے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔
’مجھ پر اعتراض اٹھایا گیا کہ لاہور ماڈرن آٹا ملز میں میرے شیئر ہیں۔ جن فلور ملز کا الزام لگایا گیا وہ ناصرف غیرفعال ہے بلکہ اس کے نام پر کوئی بینک اکاؤنٹ بھی نہیں کھولا گیا۔‘
خیال رہے کہ چوہدری پرویز الٰہی اس وقت مختلف مقدمات میں گرفتار ہیں۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے ان پر اختیارات کے ناجائز استعمال پر مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس میں بھی ان پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔
سابق وزیراعلٰی پنجاب نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ’اس فلور مل کے شیئر میں نے کبھی نہیں خریدے۔ غیرفعال فلور مل اثاثہ نہیں ہوتی۔ اس کی بنیاد پر مجھے الیکشن لڑنے سے روکا نہیں جا سکتا۔‘
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’یہ اصول طے شدہ ہے کہ ہر ظاہر نہ کرنے والے اثاثے پر نااہلی نہیں ہو سکتی۔ کسی اثاثے کو ظاہر نہ کرنے کے پیچھے اس کی نیت کا جانچنا ضروری ہے۔‘

چوہدری پرویز الٰہی اس وقت مختلف مقدمات میں گرفتار ہیں۔ (فوٹو: ایکس)

پاکستان تحریک انصاف کے صدر کے مطابق جو شیئر ان سے منسوب کیے جا رہے ہیں ان کی کل مالیت 24 ہزار 850 روپے بنتی ہے۔
’میں نے اپنے کل اثاثے 17 کروڑ 50 لاکھ روپے ظاہر کیے ہوئے ہیں۔ ان اثاثوں میں پانچ کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد نقد رقم بھی ظاہر کی گئی ہے۔ میرے لیے اتنے معمولی شیئر نہ ظاہر کرنا بدنیتی قرار نہیں دی جا سکتی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعتراض بھی لگایا گیا کہ میں نے اسلحے کے سات لائسنس ظاہر نہیں کیے۔ کاغذات نامزدگی میں اسلحہ لائسنس ظاہر کرنے کا کوئی کالم ہی نہیں ہے۔

شیئر: