Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرواز سے قبل بوئنگ 757 طیارے کا اگلا پہیہ الگ ہو گیا

بوئنگ کمپنی پہلے ہی الاسکا ایئرلائن طیارے کا دوران پرواز دروازہ ٹوٹنے کے بعد تحقیقات کی زد میں ہے (فوٹو: اے اپی)
امریکی شہر اٹلانٹا کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ٹیک آف سے قبل ڈیلٹا ایئرلائنز کے مسافر طیارے بوئنگ 757 کا اگلا پہیہ الگ ہو گیا۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کی رپورٹ کے مطابق ڈیلٹا ایئر لائنز کا مسافر طیارہ پرواز کے لیے قطار میں کھڑا تھا جب اس کا نوز ویل (اگلا پہیہ) جہاز سے الگ ہو گیا۔ اس واقعے میں طیارے میں موجود 184 مسافر اور عملے کے چھ افراد محفوظ رہے۔
بوئنگ 757 طیاروں میں ربڑ کے دو ٹائر ایک ساتھ جڑے ہوتے ہیں اور پرواز سے پہلے ان کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق طیارے بنانے والی کمپنی بوئنگ نے اس واقعے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور ڈیلٹا ایئرلائن سے سوال کرنے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے ان دنوں بوئنگ کمپنی حال ہی میں الاسکا ایئرلائن کے بوئنگ طیارے کا دوران پرواز دروازہ ٹوٹ جانے کے بعد تحقیقات کی زد میں ہے۔
پانچ جنوری کو ہونے والے اس واقعے میں الاسکا ایئرلائن کے بوئنگ 737 میکس 9 ماڈل کے دروازے کا پلگ پورٹ لینڈ اوریگون سے ٹیک آف کرنے کے فوراً بعد اکھڑ گیا تھا اور جہاز میں سوراخ ہو گیا تھا۔
ایف اے اے نے سفارش کر رکھی ہے کہ بوئنگ 737-900ER طیاروں کو چلانے والی ایئرلائنز دروازے کے پلگ کا معائنہ کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ صحیح طریقے سے کام کر رہے ہیں۔
بدھ کو بوئنگ کے سی ای او ڈیو کالہون نے واشنگٹن ڈی سی میں صحافیوں سے  گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی اپنے طیارے کو اس وقت تک پرواز نہیں کرنے دیتی جب تک انہیں اس کی حفاظت کا یقین نہ ہو۔

شیئر: