Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بوئنگ 737 میکس 9 جیٹ لائنرز گراؤنڈ کرنے کا حکم

امریکی وفاقی حکام نے گذشتہ روز سنیچر کو کچھ بوئنگ 737 میکس 9 جیٹ لائنرز کو فوری طور پر گراؤنڈ کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ ان کا مکمل معائنہ کیا جاسکے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی ایوی ایشن کی جانب سے یہ حکم اس وقت دیا گیا جب الاسکا ایئر لائنز کے ایک طیارے کو  فضا میں بلند ہوتے ہی حادثے کا سامنا کرنا پڑا۔
الاسکا ایئر لائنز نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے بیڑے میں موجود  737 میکس 9  ساخت کے 65 طیارے ہیں اور عملے نے 18 طیاروں کا معائنہ کر کے انہیں دوبارہ چلانے کے لیے کلیئر کر دیا ہے۔
الاسکا ائیر لائنز کمپنی نے مزید کہا ہے کہ بقیہ طیاروں کا معائنہ آئندہ چند دنوں میں مکمل ہونے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ جمعے کو دیر گئے الاسکا ایئرلائنز کے جیٹ لائنر کا  ٹیک آف کے فوراً بعد وسطی دروازہ الگ ہو کر گر گیا تھا۔
اس حادثے  کے فوراً بعد پائلٹ کو ہنگامی لینڈنگ کرنے پر مجبور ہونا پڑا کیونکہ جہاز میں 171 مسافر اور عملے کے چھ ارکان  سوار تھے۔
اس حادثے میں کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی کیونکہ ہوا کے دباؤ کا شکار طیارہ روانگی کے تقریباً 20 منٹ بعد پورٹلینڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا تھا۔

فلائٹ کے مسافروں سے دلی ہمدردی رکھتا ہوں، سی ای او الاسکا ائیر لائنز۔ فوٹو انسٹاگرام

مسافر ایون اسمتھ نے بتایا  کہ ہم نے بائیں عقب میں ایک  زور دار دھماکے کی آواز سنی اور تمام آکسیجن ماسک فوری طور پر ہمارے سامنے گر گئے۔
الاسکا ایئر لائنز کے سی ای او بین مینیکی نے کہا ہے کہ کمپنی کے 737-9 طیاروں کا معائنہ مکمل ہونے میں چند دن مزید لگ سکتے ہیں۔

737-9 طیاروں کا معائنہ مکمل ہونے میں چند دن لگ سکتے ہیں۔ فوٹو انسٹاگرام

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم بوئنگ کمپنی  کے ساتھ مل کر یہ سمجھنےکی کوشش کر رہے ہیں کہ آخر یہ کیا ہوا اور مزید معلومات دستیاب ہونے پر شیئر کی جائیں گی۔
سی ای او نے کہا کہ میں متاثرہ فلائٹ کے تمام مسافروں سے دلی ہمدردی رکھتا ہوں اور مجھے افسوس ہے کہ آپ کو اس کربناک تجربے سے گزرنا پڑا۔

شیئر: