ڈاکٹر مناھل ثابت دولت مشترکہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی ایلچی مقرر
ڈاکٹرمناھل مشرق وسطی کی سطح پر 100 طاقتور خواتین میں بھی شامل ہیں(فوٹو،ایکس)
ڈاکٹر مناھل عبدالرحمن ثابت کو انکی مثالی کارکردگی کی بنیاد پر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں دولت مشترکہ کے سیکرٹری جنرل کی ایلچی کے طورپر منتخب کرلیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق دولت مشترکہ ممالک کی تنظیم میں 56 ممالک شامل ہیں جن کی آبادی دنیا بھر میں 2.5 بلین سے زیادہ ہے۔ یہ تنظیم پائیدار ترقی ، جدید ٹیکنالوجی اور امن واستحکام کے حوالے سے معاشروں میں افہام وتفہیم کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔
ڈاکٹر مناہل اس حوالے سے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کےلیے تنظیم کے رکن ممالک کے علاوہ دیگر ممالک کے ساتھ بھی رابطہ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کریں گی۔ علاوہ ازیں رکن ممالک کے سائنسدانوں اور ماہرین کی استعداد کار میں اضافے کے حوالے سے بھی کام کیا جائے گا۔
واضح رہے ڈاکٹر مناہل ثابت نے مشرق وسطی میں ذہنی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ’تھنک ہب‘ کے عنوان سے سینٹر کی بنیاد رکھی تھی جس کا مقصد لوگوں کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے انہیں ترقی کی منازل سے آشنا کرانا ہے۔
ڈاکٹر مناہل کو انکے مثالی کارناموں پر متعدد اعزازت اور ایوارڈز سے بھی نوازا جاچکا ہے جن میں ’برین آف دی ایئر‘ کا اعزاز بھی شامل ہے اس کے علاوہ سائنس کے میدان میں مشرق وسطی کا اچیومنٹ ایوارڈ ، سائنسی ترقی کے میدان میں عرب خواتین کا ایوارڈ ، بین الاقوامی امن ایوارڈ ۔ ڈاکٹر مناہل کا شمار 500 طاقتور ترین عرب خواتین میں بھی کیا جاتا ہے جبکہ مشرق وسطی کی سطح پر 100 طاقتور خواتین میں بھی وہ شامل ہیں۔
اس حوالے سے ڈاکٹرمناہل نے اپنے ایکس اکاونٹ پر تحریر کیا ’مجھے کامن ویلتھ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طورپر اپنی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے بے حد فخر اور عاجزی محسوس ہورہی ہے۔