دبئی میں ڈاکٹروں نے ایشیائی مریض کی زندگی بچالی
معائنے سے پتہ چلا کہ ایشیائی کے دل میں خون جم گیا ہے (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی کے التداوی ہسپتال اور امدادی خدمات دبئی فاؤنڈیشن کی میڈیکل ٹیم نے ایک ایشیائی مریض کی زندگی بچالی۔
الامارات الیوم کے مطابق التداوی ہسپتال میں امراض قلب کے پروفیسر ڈاکٹر حسین حشمت نے بتایا ’ایشیائی مریض کی عمر پچاس سال ہے۔ دل کا شدید دورہ پڑا تھا۔ امدادی خدمات دبئی فاؤنڈیشن کے اہلکار ریکارڈ وقت میں ہسپتال لائے تھے جہاں فوری طبی معائنہ کیا گیا۔‘
انہوں نے بتایا ’ معائنے سے پتہ چلا کہ ایشیائی کے دل میں خون جم گیا ہے جس سے دل کا دورہ پڑا۔ دل نے جسم کے اہم حصوں کو خون کی سپلائی بند کردی تھی۔ یہ ایسی صورت ہے جس میں موت کا امکان 80 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔‘
’ فورا ہی ایمرجنسی، دل، انتہائی نگہداشت اور اینڈوکرائن شعبوں کے ڈاکٹرز پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی تاکہ ذیابیطس میں مبتلا مریض کی زندگی بچانے کے لیے فوری آپریشن کیا جاسکے۔‘
ڈاکٹر حسین حشمت نے بتایا’ ہنگامی بنیاد پر مریض کا آپریشن کیا گیا جو نوے منٹ جاری رہا۔ میڈیکل ٹیم نے اس کی دو شریانوں کو پھیلانے کے لیے فوری طور پر کیتھیٹرائزیشن سرجری کی۔
ادویہ سے لیس غبارے کی تکنیک استعمال کی گئی۔ اس طریقہ کار پر عمل کی صورت میں سٹنٹ لگانے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔