’حقیقی خوشی کا احساس‘ سعودی شہری نے انجان بچے کو گردہ عطیہ کر کے اس کی جان بچا لی
حسین آل شبیب نے کہا کہ وہ اس بچے کو اپنا بیٹا سمجھتے ہیں۔ (فوٹو: سکرین گریب)
سعودی شہری حسین آل شبیب نے ایک انجان بچے کو اپنا گردہ عطیہ کر کے اس کی جان بچا لی۔
الاخباریہ چینل کے پروگرام میں حسین آل شبیب نے بتایا کہ ’کبھی سوچا نہیں تھا کہ کسی کو اپنا گردہ عطیہ کروں گا۔‘
انہوں نے کہا کہ’ایک دن سوشل میڈیا پوسٹ نظر سے گزری جس میں کم عمر بچے کی حالت بیان کی گئی تھی جو گردہ کے مرض میں مبتلا تھا اس کی حالت بہت خراب تھی اور گردے کی پیوند کاری کے علاوہ اس کا کوئی علاج نہیں تھا۔‘
حسین آل شبیب کا کہنا تھا کہ ’اس اپیل کو دیکھ کر مجھ سے رہا نہیں گیا۔ اسی وقت اپنا گردہ بچے کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’گردہ عطیہ کرنے سے پہلے تمام ٹیسٹ وغیرہ کرائے جس کے نتائج آنے پر گردے کی پیوند کاری کا آپریشن کیا گیا جو کامیاب رہا۔‘
حسین آل شبیب کا کہنا تھا کہ ’گردہ عطیہ کرنے کے بعد مجھے عجیب طرح کی اندرونی خوشی کا احساس تھا جسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ میں اب اس بچے کو اپنا بیٹا سمجھتا ہوں۔ اگر وہ میرا حقیقی بیٹا ہوتا تو کیا میں یہ سب نہیں کرتا؟‘
مریض بچے کے والد کا کہنا تھا کہ ’ان کا بیٹا گزشتہ چھ برس سے گردے کے عارضے میں مبتلا تھا۔ اسے ڈائیلاسیس سینٹر لے جانا پڑتا تھا۔ بیٹے کی حالت دیکھ کر سوشل میڈیا پر عطیے کی اپیل کی جس پر حسین آل شبیب نے رابطہ کیا۔ اس طرح میرے بیٹے کی جان بچ گئی۔‘