سوشل میڈیا سے اداکاری تک کا سفر، کم عمر سعودی فنکارہ سے ملیے
ابتدا میں سرکاری و نجی شعبے کے لیے بنائے گئے اشتہارات میں کام کیا (فوٹو: العربیہ)
کم عمر سعودی فنکارہ کی صلاحتیوں نے اسے سوشل میڈیا سے نکال کر ڈراموں کی دنیا میں اداکاری کے لیے پہنچا دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر محض چھوٹے اشتہارات کرنے والی لڑکی اب سعودی عرب اور خلیجی ڈراموں میں بہترین کردار ادا کر رہی ہے۔
العربیہ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کم عمر فنکارہ ’راسیل العتیبی ‘نے بتایا ’سکرین کے سفر کا آغاز سوشل میڈیا پر ماڈل کے طور پر کیا اور سرکاری و نجی شعبے کے لیے بنائے گئے اشتہارات میں کام کیا۔‘
’معروف پروڈیوسر محمد دحام الشمری نے میرا کام دیکھا اور ایک ٹی وی سیریل ’خارج السیطرہ‘ میں کام کرنے کی آفر کی جس میں معروف فنکار ترکی الیوسف کام کر رہے تھے۔‘
راسیل العتیبی کا یہ پہلا سیریل تھا جس کے بعد انہیں مزید ڈراموں میں کام کرنے کا موقع ملا جس سے صلاحیتیں ابھر کرسامنے آئیں بعدازاں ’سندس ون‘ اور سندس ٹو میں بھی کام کیا جسے کافی سراہا گیا۔
کم عمر فنکارہ کا کہنا تھا ’ مسلسل فنکاروں کے ساتھ رہنے سے میری صلاحیتوں کو چار چاند لگے۔ مجھے بڑے سعودی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کے مواقع میسر آئے۔‘
اپنی نجی زندگی کے حوالے سے راسیل کا کہنا تھا’ ڈراموں میں کام کرنے سے میری زندگی پر کوئی اثر نہیں ہوا بلکہ اس کے برعکس مجھے زیادہ معلومات اور خود اعتمادی ملی۔‘
’میں ایک عام بچی کی طرح رہتی ہوں جو میری عمر کی ہیں تاہم اب میری خواہش ہے کہ اسٹیج ڈراموں میں کام کروں تاکہ یہاں بھی اپنی صلاحیتوں کو منوا سکوں۔‘