Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مناظرے اور سندھ کے معائنے کے لیے تیار ہوں‘، بلاول بھٹو کا شہباز شریف کو جواب

شہباز شریف نے کہا تھا کہ بلاول بھٹو، نواز شریف کو مناظرے کے بجائے سندھ کے معائنے کی دعوت دیتے تو اچھا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سندھ کے کسی بھی شہر میں مناظرے کے لیے تیار ہیں۔
سنیچر کی رات ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ وہ مناظرے اور معائنے کے لیے تیار ہیں۔
’میاں نواز شریف مجھ سے خیرپور گمبٹ میں مناظرہ کر لیں جہاں کا ہسپتال پنجاب کے کسی بھی ہسپتال سے بہتر ہے اور یہاں علاج بالکل مفت ہپے۔ میاں صاحب نے تین بار وزیراعظم بننے کے باوجود بھی گمبٹ کا دورہ نہیں کیا۔‘
جمعے کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو مباحثے کی دعوت دی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’یا وہ تھرپار کر آ جائیں وہاں کے انفراسٹرکچر کا معائنہ بھی ہو جائے گا اور چولستان سے تھر کا موازنہ بھی ہو جائے گا۔‘
بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم کو یاد یاد کراتے ہوئے کہا کہ تھر میں کوئلے کے کی آپ اور آپ کے بھائی نے مخالفت کی تھی لیکن یہ منصوبہ کراچی کو نہیں بلکہ فیصل آباد کو سستی بجلی فراہم کر رہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ براہ کرم بتائیں کہ کس شہر میں اور کس تاریخ کو آپ کے بھائی نے مباحثہ کرنا ہے۔
میاں صاحب کراچی کے این آئی سی وی ڈی کے باہر مباحثہ کر لیں جہاں گزشتہ برس پنجاب کے 84 ہزار سے زائد افراد کا علاج ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں ایسی سہولیات موجود نہیں ہیں۔ راہ فرار اختیار نہ کریں۔‘
27 جنوری کو مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ایک پوسٹ کے جواب میں کہا تھا کہ وہ نواز شریف مناظرے کے بجائے سندھ کے معائنے کی دعوت دیتے تو اچھا تھا۔
کل ایک صاحب نے نواز شریف کو مناظرے کی دعوت دی۔ وہ نواز شریف کو مناظرے کے بجائے سندھ کے معائنے کی دعوت دیتے تو اچھا تھا، مناظرہ بھی ہو جاتا اور موازنہ بھی۔‘
ان کے اس بیان نے صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ کی ترقی کے حوالے سے ایک نئی بحث چھیڑ دی تھی۔

شیئر: