جوانگژو ..... مقامی چڑیا گھر میں ایک انتہائی ہولناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خچر کسی بات پر خوفزدہ ہو کر شیروں کے حصہ میں داخل ہو گیا جہاں بھوکے شیروں نے اسے بڑی بے دردی سے حملہ کر کے ہلاک کر دیا۔اس موقع کی جو وڈیو جاری ہوئی ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ 2شیر خچر کو بھنبھوڑ بھنبھوڑ کر کاٹ رہے تھے اور کھا رہے تھے۔واقعہ اتنا اچانک اور ہولناک طریقے سے ہوا کہ لوگ سناٹے میں آگئے اور خچر کی کوئی مدد ممکن نہیں ہو سکی ۔ ایسے واقعات حادثات کہلاتے ہیں مگر یہ واقعہ اس اعتبار سے بہت عجیب و غریب ہے کہ اس میں چڑیا گھر کے نگراں افراد بھی ملوث ہیں جنہوں نے بھوکے شیروں کا پیٹ بھرنے کےلئے خچر کو ان کا نوالہ بنایا اور انکی طرف دھکیل دیا تھا۔کہا جاتا ہے کہ شیروں کے جس علاقے میں خچر گرا وہاں ایک چھوٹا سا تالاب بھی تھا جو شیروں کے پانی پینے کیلئے بنایا گیا تھااور اس پانی سے خچر کا نکل بھاگنا کسی صورت بھی ممکن نہیں ہو سکا۔یعنی جانوروں کی اس سفاکی میں انسان بھی برابر کا شریک قرار دیاجا سکتا ہے ۔ وڈیو دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ شیروں نے پہلے خچر کی گردن دبوچی اور اس کا خون پینے کے بعد اس کو چیڑپھاڑ کر کھا گئے ۔ خفیہ کیمرے میں اس واقعہ کی تصویر محفوظ ہو گئی ہے اور اسے دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ یہ سارا کام صرف آدھے گھنٹے میں مکمل ہو گیا۔