بین الاقوامی دفاعی نمائش میں پاکستان کے تھنڈر طیارے بھی شریک ہوں گے
سعودی دارالحکومت ریاض میں بین الاقوامی دفاعی نمائش 2024 ایڈیشن ٹو کے دوران جدید دفاعی سامان اور طیاروں کی آمد متوقع ہے۔
عاجل ویب کے مطابق بین الاقوامی دفاعی نمائش شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں چار سے آٹھ فروری کے دوران ریاض میں ہوگی۔ اس کا اہتمام عسکری صنعتوں کا قومی ادارہ کررہا ہے۔
نمائش میں کثیر المقاصد طیارے، ہیلی کاپٹر، ڈرونز، ترقی یافتہ جدید ترین الیکٹرانک طیارے پیش کیے جائیں گے۔
بکتر بند گاڑیاں، ٹینک اور راکٹ لانچرز بھی نمائش کا حصہ ہوں گے۔
سعودی پائلٹ نمائش کے دوران سفید اور سبز رنگوں سے مزین طیاروں سے فضائی کرتب دکھائیں گے اور سعودی پرچم فضا میں بنائیں گے۔
سعودی ہاکس اور سعودی رائل ایئر فورس کی ایروبیٹک ٹیم روزانہ فضائی مہارت کا مظاہرہ کرے گی۔ چینی ایوبیٹکس ٹیم بھی فضائی مہارت دکھائے گی۔
فرانسیسی طیارہ رافیل جبکہ ایف 15 ساخت کے دو لڑاکا طیارے بھی نمائش میں ہوں گے۔
علاوہ ازیں پاکستانی ایئرفورس کثیر المقاصد لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر بھی موجود ہوں گے۔
کالڈس کمپنی کثیر المقاصد بکتر بند گاڑی، لائٹ ٹیکٹیکل گاڑی، سامی کمپنی کی فوجی گاڑیاں اور پرخطر راستوں پر سفر کرنے والے فوروہیل ٹرک بھی نمائش کا حصہ ہوں گے۔