ریاض میں دوسری عالمی دفاعی نمائش آئندہ سال فروری میں ہوگی
سرکاری اور پبلک سیکٹرز کے سٹراٹیجک ادارے نمائش میں شریک ہوں گے(فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز آئندہ سال 4 سے 8 فروری کو ریاض میں عالمی دفاعی نمائش کے دوسرے ایڈیشن کا انعقاد کرے گی۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نمائش کی سرپرستی کریں گے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مملکت کے متعلقہ سرکاری ادارے اور وزارتیں نمائش کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔ سرکاری اور پبلک سیکٹرز کے سٹراٹیجک ادارے نمائش میں شریک ہوں گے۔
سعودی جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز کے گورنر انجینیئر احمد العوھلی نے کہا ہے کہ ’دوسری عالمی دفاعی نمائش مارچ 2022 میں ہونے والی پہلی نمائش کا ایکسٹینشن ہوگی۔ نمائش گاہ کو مزید وسیع کیا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ’ تمام اسلحہ سازوں کے لیے سرمایہ کاری کے دروازے کھلے ہوں گے۔ دفاعی نمائش وژن 2030 کے تحت دفاعی سامان کو پچاس فیصد مقامی بنانے کے ہدف کے حصول میں یقینی بنانے میں مدد دے گی‘۔
بین الاقوامی اسلحہ نمائش کے ا یگزیکٹیو چیئرمین اینڈرو پیرسی نے کہا ہے کہ ’2024 میں نمائش کے ذریعے ترقی یافتہ ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کے مستقبل کا اجاگر کیا جائے گا‘۔
نمائش کے شرکا کی کی بڑھتی ہوئی درخواستوں کے پیش نظر تیسرا بڑا ہال قائم کیا جائے گا جو نمائش گاہ کے 25 فیصد اضافی رقبے کے مساوی ہوگا۔
یاد رہے کہ 2022 کے دوران ریاض میں جو پہلی بین الاقوامی دفاعی نمائش ہوئی تھی اس میں ملکی اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان 29.7 ارب ریال مالیت کے اسلحہ کے معاہدے ہوئے تھے۔
نمائش میں 85 ممالک کے 600 ادارے شریک ہوئے تھے۔ ایک ہزار سے زیادہ سرکاری و بین الاقوامی وفود اور65 ہزار سے زیادہ شائقین شامل تھے۔