Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’امن و امان کی بگڑتی صورتِ حال‘: الیکشن کمیشن نے اجلاس بلا لیا

اجلاس میں نگراں وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے چیف سیکرٹریز اور دیگر شرکت کریں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
 الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک کے دو صوبوں میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر غور کے لیے جمعرات کو اجلاس بلا لیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’کمیشن نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے کل بروز جمعرات یکم فروری کو دن کے 3 بجے اجلاس بلا لیا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو بلائے گئے اجلاس میں نگراں وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے چیف سیکرٹریز اور آئی جی صاحبان اور دیگر انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندوں کو  شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
 قبل ازیں خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 سے آزاد امیدوار ریحان زیب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق باجوڑ کے علاقے صدیق آباد میں آزاد امیدوار ریحان زیب پر نامعلوم آفراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
ریحان زیب کو زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
ریحان زیب کے پی ٹی آئی کا ورکر تھے تاہم وہ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑرہے تھے۔
خیال رہے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے واقعات تواتر سے رونما ہوئے ہیں جن میں الیکشن لڑنے والے امیدواروں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ 
منگل کو سبی میں پی ٹی آئی کی انتخابی ریلی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں چار افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔
چند دن قبل بلوچستان کے علاقے مچھ میں عسکریت پسندوں نے حکومتی عمارتوں اور سکیورٹی فورسز پر منظم حملے کیے جن میں پولیس ایس آیچ او سمیت متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے نو حملہ آوروں کو ہلاک کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کا نوٹس
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں امن و امان کی صورتحال کا نوٹس لے لیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے بدھ کی شام اپنے بیان میں کہا کہ ’بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں سیاسی جماعت کے قافلے پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کے جان بحق ہونے اور ضلع کیچ میں حلقہ پی بی 25 کے امیدوار کے گھر کے باہر دستی بم سے حملے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹس طلب کی ہیں اور ہدایت کی ہے ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔‘

شیئر: