عمران خان کی اہلیہ کی گرفتاری پر میں خوش نہیں ہوں: مریم نواز کا ردِعمل
مسلم لیگ ن کی رہنما اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا کہ ’میں اس(عمران خان) کی بیوی کی گرفتاری پر خوش نہیں ہوں۔‘
مریم نواز نے بدھ کو نارووال میں جلسے سے خطاب میں عمران خان کی اہلیہ کی توشہ خانہ کیس میں گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’میں کسی کی تکلیف پہ خوشی نہیں مناتی لیکن ایک نظام آسمان سے بھی چلتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کل عمران خان کو قومی راز افشا کرنے پر 10 سال قید کی سزا ہوئی، آج اس کی بیوی کو سزا ہو گئی۔ یہ لوگوں کو چور چور کہتے تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’وِچوں وِچوں کھائی جاؤ اُتوں رولا پائی جاؤ‘۔ یہ لوگوں کو چور کہتا تھا آج یہ پورے خاندان سمیت چور ثابت ہوا ہے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’مجھ پر کوئی چوری کا الزام نہیں تھا، میں بھی کسی کی بہن بیٹی تھی۔ کسی کی ماں تھی۔ مجھے سزا صرف اس لیے ملی کہ باپ کا ساتھ کیوں دیا۔ لیکن بشرٰی بی بی پر توشہ خانے سے ہیرے جواہرات اور گھڑیاں چوری کر کے پیچنے کا الزام تھا جو آج ثابت بھی ہوا۔‘
اس کے بعد ظفروال میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’میں یہ کہتی ہوں کہ اللہ کرے یہ کسی دشمن کے ساتھ بھی نہ ہو۔ میں اپنے والد کو جیل میں ملنے گئی تھی تو انہوں نے وہاں میرے والد نے سامنے مجھے گرفتار کیا۔‘
انہوں نے کہا ’نواز شریف نے اس دن نیب سے ایک جملہ کہا کہ باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتار کرنے کی کیا ضرورت تھی۔یہ یاد رکھنا نیب والو! نواز شریف نے کہا کہ کبھی وقت ایک سا نہیں رہتا۔‘