تحریک انصاف کا انٹراپارٹی انتخابات پانچ فروری کو کرانے کا اعلان
انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کا باضابطہ اعلان 6 فروری کو کیا جائے گا: فائل فوٹو اے ایف پی
پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات پانچ فروری کو منعقد کرانے کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو تحریک انصاف کے فیڈرل الیکشن کمشنر رؤف حسن کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کا باضابطہ شیڈیول جاری کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق’ تمام رجسٹرد ممبران اپنی مرضی کے پینل یا چیئرمین کے امیدوار کے حق میں پاکستان بھر میں مختص مقامات پر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔‘
پارٹی ممبران اپنا ووٹ ’رابطہ ایپلیکیشن انٹرا پارٹی الیکشن ماڈیول‘ کے ذریعے بھی ریکارڈ کرا سکتے ہیں اور 31 جنوری 2024 تک رجسٹر ہونے والے تمام ممبران کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہو گی۔
کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 فروری 2024 کی رات 10 بجے تک ہوگی، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی مرکزی اور صوبائی سیکرٹریٹ اور بذریعہ ای میل بھی جمع کرا سکیں گے۔
انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کا باضابطہ اعلان 6 فروری کو کیا جائے گا۔
دوبارہ انٹرا پارٹی انتخابات کیوں؟
سپریم کورٹ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھنے کے بعد پی ٹی آئی نے اب دوبارہ پارٹی کے اندر انتخابات کروانے کا فیصلہ کر کیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 22 دسمبر کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کروائے گئے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دیتے ہوئے پارٹی سے بلے کا نشان واپس لے لیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنے انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کروائے لہذا جماعت بلے کے نشان کی اہل نہیں ہے۔
انٹرا پارٹی انتخابات دوبارہ کروانے کے باوجود بلے کا نشان واپس ملنے کی امید نہیں: شعیب شاہین
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے مرکزی ترجمان و رہنما شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی انتخابات کروا بھی لیں تو عام انتخابات سے قبل پارٹی کو انتخابی نشان واپس نہیں مل سکتا۔
ان کے مطابق پارٹی کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ بنیادی طور پر پاکستان تحریک انصاف کو عام انتخابات سے باہر رکھنے کے لیے بنائے گئے پلان کا حصہ تھا۔ جس پر پوری طرح سے عمل درآمد کروایا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے اعلیٰ عہدیداران کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کے دوبارہ انعقاد میں بھی چیئرمین کے لیے بیرسٹر گوہر ہی امیدوار ہوں گے۔ بیرسٹر گوہر کو عمران خان نے پارٹی چیئرمین شپ کے نامزد کیا تھا۔