Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان میں آج سے بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

زیارت، کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، پشین اور قلعہ عبداللہ کے پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے (فائل فوٹو: سکرین گریب)
ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی عام انتخابات میں حصہ میں لینے والی سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی انتخابی مہم جاری ہے جبکہ حالیہ دنوں میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ بھی ہو گیا ہے۔ 
کوئٹہ سمیت صوبہ بلوچستان کے بالائی اور شمالی علاقوں میں مغربی ہواؤں کے اثرات کی وجہ سے موسم نسبتاً سرد ہو گیا ہے۔
قلات میں کم  سے کم درجہ حرارت، منفی تین، ژوب میں منفی ایک اعشاریہ پانچ، کوئٹہ میں صفر سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات بلوچستان کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ جمعرات کی شام سے ایران کی جانب سے مغربی ہوائیں بلوچستان میں داخل ہوں گی جس کے نتیجے میں ایران سے ملحقہ علاقوں چاغی، دالبندین، نوکنڈی، تربت، گوادر،  پنجگور اور مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق بارش برسانے والا یہ سسٹم جمعہ کو صوبے کے بیش تر علاقوں کو لپیٹ میں لے لے گا جس کے نتیجے میں دو سے چار فروری تک بلوچستان کے 35 میں سے 27 اضلاع  میں بارش  کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق ان اضلاع میں چاغی ، واشک، خاران، نوشکی، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، کیچ(تربت)، گوادر اور اس کے ساحلی علاقے جیوانی، پسنی، اورماڑہ، اسی طرح پنجگور، مستونگ، سبی، نصیر آباد، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، جھل مگسی، لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق زیارت، کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، پشین اور قلعہ عبداللہ کے پہاڑی اور بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ برفباری کا بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے جمعہ اور سنیچر کو موسلا دھار بارشوں کے باعث بارکھان، کوہلو، سبی، نصیرآباد، دالبندین اور خضدر کی مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق انتخابات سے پہلے مطلع صاف ہوجائے گا تاہم سردی کی شدت برقرار رہے گی۔

شیئر: