Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن 2024: کنٹرول روم قائم، سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی

فارم 45 نہ فراہم کرنے کی صورت میں الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کے خلاف سخت کارروائی کا کہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام ریٹرننگ افسران یقینی بنائیں گے کہ پریزائیڈنگ افسران فارم 45 فراہم کریں۔
بدھ کو الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق پریزائیڈنگ افسر فارم 45 پر اپنے اور پولنگ ایجنٹس کے دستخط کروائیں گے، دستخطوں کے بعد پریزائڈنگ افسران فارم 45 پولنگ سٹیشن کے باہر آویزاں کریں گے۔
فارم 45 انتہائی محفوظ طریقے سے ریٹرننگ افسران کے حوالے کرنے کا کہا گیا ہے جبکہ اس فارم سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے پریزاڈنگ افسران کے خلاف سخت کارروائی کے حوالے سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے الیکشن 2024 کے لیے کنٹرول روم قائم کر دیا ہے جو صوبوں کے ساتھ منسلک ہوگا۔
کنٹرول روم میں وزارت داخلہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام بھی موجود ہوں گے۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے افسران و جوانوں کا بھی پولنگ سٹیشنز پر پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔
کیپیٹل پولیس کے مطابق پولنگ سٹیشنز پر تعینات اہلکار آج رات وہیں قیام کریں گے۔
اسلام آباد پولیس کے 6500 اہلکاروں کے ساتھ ایک ہزار ایف سی، 1500 رینجرز اور فوج کے جوان فرائض سر انجام دیں گے۔
پولیس کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ کار کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی صورت میں خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن والے دن اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ٹریفک کے نظم و ضبط اور پارکنگ کے مناسب اقدامات عمل میں لائیں جائیں گے۔

 آرمی، سول مسلح افواج اور پولیس کے مجموعی طور پر 5 لاکھ 96 ہزار 618 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی

بیان کے مطابق پولیس کی جانب سے انتخابات کی کوریج کرنے والے صحافیوں اور غیرملکی مبصرین اور مشاہداتی ٹیموں کو ان کے فرائض کی انجام دہی میں مدد فراہم کی جائے گی۔
پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی
الیکشن کمیشن کی درخواست پر ملک بھر میں کوئیک رسپانس فورس کے ایک لاکھ 69 ہزار 42 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ اس کے علاوہ 23 ہزار 940 سکیورٹی اہلکار مستقل طور پر الیکشن کے دن ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
اس کے علاوہ فوج اور سول مسلح افواج کے مجموعی طور پر ایک لاکھ 30 ہزار 882 اہلکار الیکشن کے دوران ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔
ملک بھر میں پولیس کے 4 لاکھ 65 ہزار 736 اہلکار تعینات ہوں گے۔
امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے آرمی، سول مسلح افواج اور پولیس کے مجموعی طور پر 5 لاکھ 96 ہزار 618 اہلکار الیکشن کے موقع پر ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
صوبہ پنجاب میں الیکشن کے پرامن انعقاد کے لیے پولیس کے 2 لاکھ 16 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ صوبہ سندھ میں ایک لاکھ 10 ہزار 720، صوبہ خیبر پختونخوا میں 92 ہزار 535 اور بلوچستان میں 46 ہزار 481 پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

ملک بھر میں پولیس کے 4 لاکھ 65 ہزار 736 اہلکار تعینات ہوں گے۔ فوٹو: اے ایف پی

الیکشن کے دن انٹرنیٹ کی سروس بند نہیں کریں گے، پی ٹی اے
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) نے وضاحت جاری کی ہے کہ الیکشن کے دن انٹرنیٹ کی سہولت بند نہیں جائے گی۔
بدھ کو پی ٹی اے نے انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے جاری وضاحتی بیان میں تصدیق کی ہے کہ انتخابات کے دن انٹرنیٹ کی سہولت صارفین کو میسر رہے گی اور بغیر کسی رکاوٹ کے فراہم کی جائے گی۔

شیئر: