ریلوے نیٹ ورک میں توسیع ،’مدن ‘ اور ’سار‘ کا معاہدے
دمام ، ریاض اور دیگر صنعتی شہروں کو ریلوے نیٹ ورک سے جوڑا جائے گا(فوٹو، ایکس )
سعودی صنعتی اتھارٹی ’مدن‘ اور سعودی ریلوے ’سار‘ میں لوجسٹک سروسز کے نیٹ ورک میں توسیع کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ لوجسٹک سروسز کے تحت ریلوے نیٹ ورک کو جدید خطوط کے تحت مزید وسعت دی جائے گی۔
سبق نیوز کے مطابق ’مدن‘ اور’سار‘ کے مابین اس حوالے سے معاہدے کیا گیا جس کے تحت دمام میں ریلوے نیٹ ورک کو وسعت دیتے ہوئے دمام اور ریاض کے صنعتی زونز سے جوڑا جائے گا۔
ریلوے نیٹ ورک میں اضافے کے بعد دمام کے دوسری صنعتی زون کو ریاض ، الجبیل اورراس الخیر کی پورٹس سے جوڑا جائے گا تاکہ مشرقی اور شمالی علاقوں کا رابطہ ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے قائم کیا جاسکے جس سے صنعتی زونز کو کافی فائدہ ہوگا۔
اس حوالے سے صنعتی شہروں میں سعودی ریلوے منصوبے کے ساتھ مزید سرمایہ کاروں نے معاہدے کیے ہیں تاکہ مصنوعات کی ترسیل کا کام بہتر طورپر کیا جاسکے۔
واضح رہے ’مدن ‘ مملکت میں صنعتی سرمایہ کاری کے فروغ کےلیے کوشاں ہے ۔
اس وقت مملکت کے 36 صنعتی شہروں میں 6443 فیکٹریاں موجود ہیں جو مجموعی طور پر 209 ملین مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہیں۔