Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان میں پُرتشدد واقعات، دو سکیورٹی اہلکار اور ایک سیاسی کارکن ہلاک

بلوچستان میں انتخابات سے ایک دن قبل انتخابی امیدواروں کے دفاتر کو نشانہ بنایا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
بلوچستان میں انتخابات کے دن بھی پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔ بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں دو سکیورٹی اہلکاروں سمیت ایک سیاسی کارکن ہلاک ہوا ہے جبکہ انتخابی امیدوار کے بھائی سمیت 19 زخمی ہوئے ہیں۔
ضلع خاران میں دھماکہ
بلوچستان کے ضلع خاران میں پولنگ عملے کی حفاظت پر تعینات لیویز کی گاڑی بم دھماکے کا نشانہ بن گئی۔ دھماکے میں دو اہلکار ہلاک اور سات زخمی ہوئے۔
خاران میں قائم لیویز کنٹرول روم کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق جمعرات کی صبح خاران سے تقریباً 30 کلومیٹر دور لجے کے مقام پر لیویز کی گاڑی پولنگ عملے کو اپنی سکیورٹی میں پولنگ سٹیشن کی طرف لے کر جا رہی تھی جب راستے میں نامعلوم افراد کی جانب سے سڑک کنارے بچھائی گئی آئی ای ڈی کا دھماکہ ہوا۔
فراہم کردہ معلومات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں لیویز اہلکار غلام حیدر اور سپیشل برانچ پولیس کے سب انسپکٹر راشد علی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ لیویز کے رسالدار میجر حاجی خدا بخش، سپاہی جلال شاہ، سیف الرحمان، زین عارف، عمران کان اور سیف اللہ کے علاوہ سپیشل برانچ کے اہلکار عبدالسلام زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
کوہلو، پنجگور، کیچ  اور گوادر میں بم دھماکے 
بلوچستان کے ضلع کوہلو میں بارودی سرنگ دھماکے میں انتخابی امیدوار کے بھائی سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔
کوہلو میں قائم لیویز کنٹرول روم کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق کوہلو کے علاقے سفید میں گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں پی بی 9 کوہلو سے آزاد امیدوار میر لیاقت مری کے بھائی میر مصطفیٰ سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔
پنجگور میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نوک آباد تسپ کے پولنگ سٹیشن پر دستی بم دھماکے اور فائرنگ میں دو ووٹرز سعید اور محمد حسن زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ٹیچنگ ہسپتال پنجگور منتقل کر دیا گیا ہے۔
پنجگور کے علاقے وشبود میں پولنگ سٹیشن کے قریب دھماکہ ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ اسی طرح پنجگور ہی میں سراوان پولنگ سٹیشن سے دستی بم برآمد ہوا ہے۔

بلوچستان میں بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں دو سکیورٹی اہلکار ہلاک اور ایک سیاسی کارکن ہلاک ہوا۔ فوٹو: اے ایف پی

کیچ کے علاقے تربت میں مختلف مقامات پر تین دھماکے ہوئے۔ پٹھان کہور پولنگ سٹیشن پر نامعلوم افراد نے دو راکٹ کے گولے داغے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایک اور واقعے میں نامعلوم افراد کی جانب سے پھینکا گیا دستی بم ناکارہ بنا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق کیچ سے ملحقہ ضلع گوادر کے علاقے پسنی میں دو دھماکے ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
لڑائی جھگڑوں میں ایک کارکن ہلاک، سات زخمی 
زیارت کی تحصیل سنجاوی میں پی بی 7 کے پولنگ سٹیشن میں دو گروہوں میں تصادم ہوا۔ اس دوران فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والا شخص جمیل احمد پی ٹی آئی کا کارکن بتایا جاتا ہے۔ واقعے کے بعد پولنگ سٹیشن پر حالات کشیدہ ہو گئے۔
سنجاوی سے متصل ضلع دکی میں بھی پولنگ کے دوران لڑائی جھگڑے کا واقعہ پیش آیا۔ پرانا سنجاوی کے گورنمنٹ پرائمری گرلز سکول میں قائم پولنگ سٹیشن میں دو گروہوں میں تصادم ہوا جس کے دوران تشدد اور فائرنگ سے چار پولنگ ایجنٹس زخمی ہوئے۔ ایک شخص کو شدید زخمی حالت میں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

شیئر: