انتخابات کے پُرامن انعقاد پر نگراں حکومت اور آئی ایس پی آر کی مبارکباد
انتخابات کے پُرامن انعقاد پر نگراں حکومت اور آئی ایس پی آر کی مبارکباد
جمعرات 8 فروری 2024 17:05
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ انتخابات کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے (فوٹو: اے پی پی)
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’ہم پُرامن اور تشدد سے پاک انتخابات پر قوم کو دل کی گہرائی سے مبارکباد دیتے ہیں۔‘
جمعرات کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ’مسلح افواج نے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر انتخابات کی سکیورٹی میں اہم کردار ادا کیا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی ’فوج کے ایک لاکھ 37 ہزار جوانوں، سول آرمڈ فورسز کے چھ ہزار اور کوئیک ریسپانس فورس کے سات ہزار 800 جوانوں نے پُرامن انتخابات کو یقینی بنایا۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’کے پی، بلوچستان میں 51 دہشت گرد حملوں کا مقصد الیکشن عمل کو سبوتاژ کرنا تھا، ان حملوں میں 10 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد ہلاک، 39 زخمی ہوئے۔‘
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’فوجی جوانوں نے مؤثر طریقے سے ملک بھر میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا، یہ اپنے شہریوں کے جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے سکیورٹی ایجنسیوں کے غیر متز لزل عزم کا اظہار ہے۔‘
اس سے قبل پاکستان میں پولنگ کا عمل پُرامن طور پر مکمل ہونے کے بعد نگراں حکومت نے قوم کو مبارک باد دی اور اس کے لیے انتظامات کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔
جمعرات کو پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بیان میں انوارالحق کا کہنا تھا کہ ’میں بہترین انتظامات کرنے اور صاف شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے پر الیکشن کمیشن، عبوری صوبائی حکومتوں، مسلح افواج، سول فورسز، پولیس، میڈیا اور قانون نافذ کرنے والوں کے کردار کو سراہتا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ یادگار وقت نہ صرف ہمارے جمہوری عمل کی قوت کا ثبوت ہے بلکہ پاکستانی عوام کے ناقابل تسخیر جذبے کا بھی عکاس ہے۔‘
ان کے مطابق ’ووٹوں کی صورت میں ابھرنے والی آوازیں ہماری جمہوریت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کریں گی جس کے لیے پاکستان کے عوام تحسین کے مستحق ہیں۔‘
اسی طرح نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ انتخابات کے عمل کے اختتام پر انتہائی اطیمان کے ساتھ اعلان کرتا ہوں کہ ملک بھر میں سکیورٹی کی مجموعی صرت حال بہتر رہی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سکیورٹی فوسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس اہلکاروں کی غیرمتزلزل لگن اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔‘
ان کے مطابق ’ان تمام سیکورٹی اہلکاروں کے لیے خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ووٹنگ کے عمل کو پرامن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔‘
گوہر اعجاز نے کہا کہ ’سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب کے دور دراز علاقوں میں بھی کی گئی تھی تاکہ شہری پرامن ماحول میں اپنے ووٹ کے حق کو استعمال کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ سوائے چند واقعات کے مجموعی طور پر صورت حال کنٹرول میں رہی جس سے ہمارے حفاظتی اقدامات کی افادیت ظاہر ہوتی ہے۔
علاوہ ازیں نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضٰی سولنگی نے اپنے پالیسی بیان میں بھی انتخابات کے پرامن انعقاد پر قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام نے بڑی تعداد میں ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا۔
خیال رہے پاکستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور اس وقت ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔