غزہ کی صورتحال پر وزارتی اجلاس ، عرب وزرائے خارجہ کی ریاض آمد
جمعرات 8 فروری 2024 21:38
اجلاس کی صدارت شہزادہ فیصل بن فرحان کریں گے(فوٹو، ایس پی اے)
ریاض میں غزہ پٹی کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے منعقد ہونے والی عرب وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے چار عرب ممالک کے وزراء خارجہ ریاض پہنچ گئے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق جمعرات کی شب فلسطینی آزادی آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکرٹری حسین شیخ ، قطر، امارات ، مصر اور اردن کے وزرائے خارجہ ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پہنچے۔
مہمانوں کا استقبال سعودی نائب وزیر خارجہ انجینئرولید بن عبدالکریم الخریجی نے کیا۔ عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کو شاہی پروٹوکول میں ایوان خاص لے جایا گیا۔
واضح رہے ریاض میں عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد کیا جارہا ہے جس میں غزہ کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مسئلے کے حل کے لیے تجاویز پیش کی جائیں گی۔
اجلاس کی صدارت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کریں گے۔