مجرمانہ فعل کی عکس بندی کرکے وائرل کرنا جرم ہے: وزارت داخلہ
جرائم کا خاتمہ مل کر کیا جائے۔ (فوٹو سعودی ٹی وی چینل)
ترجمان وزارت داخلہ کرنل طلال الشلھوب کا کہنا ہے کہ کسی بھی مجرمانہ فعل کی تصویر کشی کرنے کے بعد اسے وائرل کرنا سائبر کرائم ہے۔
کرنل الشلھوب نے سعودی ٹی وی چینل ون سے گفتگو میں سائبر کرائم کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں جرائم کی بیخ کنی کے لیے ضروری ہے کہ انہیں عام نہ کیا جائے۔
اگر کوئی شخص کسی بھی مجرمانہ کارروائی کی عکس بندی کرتا ہے تو اسے چاہئے کہ وہ اس کی اطلاع متعلقہ قانونی ادارے کو دے۔
طلال الشلھوب نے مزید کہا کہ معاشرے کی اصلاح و تعمیر کے لیے ضروری ہے کہ جرائم کا خاتمہ مل کر کیا جائے۔
کرنل الشلھوب نے شاہراہوں اور مارکیٹوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمرہ ریکارڈنگ کے بارے میں قانون کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ریکارڈنگ کو عام کرنا بھی قانونی طور پر سائبر کرائم میں شامل ہے جس پر باقاعدہ سزا دی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں سائبر کرائم کا ادارہ کافی فعال ہے۔ اس حوالے سے ادارے کو موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جاتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں