’ڈاکٹر خلود‘ اقوام متحدہ میں خواتین کو بااختیار بنانے کی عالمی سفیر مقرر
مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں عالمی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے(فوٹو، ایکس)
اقوام متحدہ میں بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیم نے ڈاکٹر خلود المانع کو ’ خواتین کو بااختیار‘ بنانے کے لیے عالمی سفیر منتخب کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق ڈاکٹر خلود المانع کو عالمی سفیر مقرر کرنے کے علاوہ انہیں جنیوا میں منعقد ہونے والے انسانی حقوق 2024 کے 7 ویں عالمی سربراہی اجلاس میں مرکزی اسپیکر کے طور پر بھی منتخب کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈاکٹر خلود نے اس حوالے سے کہا کہ وہ ہمیشہ سے ہی عالمی سطح پر سعودی خواتین کے قائدانہ کردار کو اجاگرکرنے کے لیے ہر کوشاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ سعودی خواتین کو بااختیار بنانے کے مشن پر کاربند رہیں گی تاکہ مملکت کی ترقی کے عمل میں سعودی خواتین کے کردار کو بھی شامل کیا جائے۔
ڈاکٹر خلود کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ میں عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کے شعبے میں کامیاب کاروباری و اہم خواتین میں شامل ہوں، مصنوعی ذہانت کا شعبہ انتہائی اہم اورپانچویں صنعتی انقلاب کا بنیادی محرک بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ’وطن عزیز کی خدمت کرنا میرے لیے باعث افتخار ہے، خواہ وہ حکومتی سطح پر ہو یا نجی صنعتی سیکٹر میں‘۔
اسمارٹ ٹیکنالوجی کے میں سعودی خواتین کے کردار کے حوالے سے ڈاکٹر خلود کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل پروجیکٹس کے تحت نجی شعبے کی صنعتی ترقی میں بھی خواتین اہم کردار کررہی ہیں۔
واضح رہے ڈاکٹر خلود المانع کو سال 2024 کے لیے مصنوعی ذہانت و ٹیکنالوجی کے شعبے میں عالمی قائد کے ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔