شاہی مہمانوں کے تیسرے گروپ کی آمد مکمل
شاہی ضیافت میں آنے والے مہمانوں کا تعلق 16 ممالک سے ہے(فوٹو، ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین کی ضیافت میں آنے والے مہمانوں کا دوسرا گروپ بھی مدینہ منورہ پہنچ گیا۔ مہمانوں کا استقبال وزارت اسلامی امور اور دعوت کے اعلٰی عہدیداروں نے کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق آنے والے مہمانوں کا تعلق اردن، عراق، مصر، لبنان، الجزائر، مراکش، تیونس، جنوبی افریقہ، چاڈ، نائیجریا، ایتھوپیا، کیمرون، کینیا، سینیگال، یوگینڈا اور موریتانیا سے ہے جن کی مجموعی تعداد 250 ہے۔ تیسرے گروپ میں شامل کچھ مہمان گزشتہ روز مدینہ منورہ پہنچے تھے۔
وزارت اسلامی امور کے ریجنل عہدیداروں کی جانب سے شاہی مہمانوں کے مملکت میں قیام کے حوالے سے تمام تر انتظامات کیے گئے ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ مہمانوں کو مسجد نبوی الشریف میں زیارت کے بعد مسجد قبا اور قبلتین کے علاوہ شہدائے احد لے جایا جائے گا بعدازاں انہیں عمرہ کی ادائیگی کےلیے مکہ مکرمہ روانہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کو عمرے کی دعوت دی جاتی ہے اس حوالے سے اب تک دو گروپ عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت کے بعد اپنے ملکوں کو روانہ ہو چکے ہیں جبکہ یہ تیسرا گروپ ہے جس کے مہمانوں مجموعی تعداد 250 ہے۔